نگراں وزیراعظم کی تقرری، صدر نے عمران خان اور شہباز شریف کو خط لکھ دیا
دوسری جانب صدر مملکت عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 224 اے سیکشن 4 کے تحت عمران خان کو بطور وزیراعظم کام جاری کی ہدایت کی تھی۔
صدر مملکت عارف علوی نے نگراں وزیراعظم کی تقرری کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو خط لکھ دیا ہے۔
صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے لکھے گئے خط میں وزیراعظم عمران خان اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے نگراں وزیراعظم کے لیے نام مانگے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
بلی تھیلے سے باہر ، امریکی سفیر کا بھارتی اخبار کو سیدھا جواب دینے سے انکار
صدر مملکت کی جانب سے لکھے گئے خط کے مطابق اگر وزیراعظم عمران خان اور اپوزیشن لیڈر شہباز نگراں وزیراعظم کے لیے کسی ایک نام پر متفق نہیں ہوتے تو اسپیکر قومی اسمبلی 8 ارکان پر مشتمل ایک کمیٹی بنائیں گے۔
آئین کے مطابق وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر تین روز میں نگراں وزیراعظم کا نام فائنل نہ کرسکے تو معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں جائے گا۔

کسی ایک نام پر دونوں رہنما متفق نہیں ہوئے تو دو دو نام پارلیمانی کمیٹی کو بھیجے جائیں گے۔ کمیٹی کے ارکان قومی اسمبلی اور سینیٹ کے ارکان پر مشتمل ہو گی۔ پارلیمانی کمیٹی 8 ارکان پر مشتمل ہوگی ، جس میں حکومتی اور اپوزیشن ارکان کی تعداد برابر ہوگی۔
وزیراعظم عمران خان اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف اسپیکر قومی اسمبلی کی قائم کردہ پارلیمانی کمیٹی کو دو دو نام بھجوائیں گے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز صدر مملکت نے وزیراعظم عمران خان کی تجویز پر قومی اسمبلی کو تحلیل کردیا تھا۔
کابینہ ڈویژن نے وزیراعظم عمران خان کو بطور وزیراعظم عہدہ ختم کرنے کا نوٹی فیکیشن جاری کیا تھا۔ کابینہ ڈویژن نے وفاقی کابینہ کو ڈی نوٹی فائی کیا تھا۔ نوٹی فیکیشن کے مطابق 25 وفاقی وزراء اور 4 وزیر مملکت کو ڈی نوٹی فائی کیا گیا تھا۔
دوسری جانب صدر مملکت عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 224 اے سیکشن 4 کے تحت عمران خان کو بطور وزیراعظم کام جاری کی ہدایت کی تھی۔
Mr. Imran Ahmad Khan Niazi, shall continue as Prime Minister till the appointment of caretaker Prime Minister under Article 224 A (4) of the Constitution of the Islamic Republic of Pakistan.
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) April 3, 2022









