فوجی قیادت کیخلاف سوشل میڈیا مہم پر کریک ڈاؤن، سرغنہ سمیت 11 گرفتار

ایف آئی اے کو پی ٹی آئی کے گرفتار کارکنوں سے اداروں کیخلاف منظم مہم کا کوئی ثبوت نہیں ملا،تمام کارکنوں کو رہا  کردیا گیا ہے،صحافی مبشر زیدی کا دعویٰ

ایف آئی اے نے فوجی قیادت کیخلاف ٹاپ ٹرنڈ چلانے والے سرغنہ مقصود عارف سمیت 11افراد کو گرفتار کرلیا۔

سینئر صحافی مبشر زیدی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایف آئی اے کو پی ٹی آئی کارکنوں کیخلاف منظم مہم کا کوئی ثبوت نہیں ملا، تمام کارکنوں کو رہا کردیاگیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

 سینئر تحقیقاتی صحافی زاہد گشکوری کے مطابق  ملزم مقصود عارف کو سبزازار لاہور گرفتار کیا گیا،اسکا تعلق ایک سیاسی جماعت سے بتایا جاتا ہے۔زاہد گشکوری نے مزید بتایا کہ  پاک فوج کے خلاف نفرت انگیز مواد پھیلانے والے 7 ملزمان کا تعلق مبینہ طور پر ایک سیاسی جماعت سے ہے ان ملزمان نے 2200 اکاؤنٹس سے پاک فوج کیخلاف 2لاکھ سے زائد پوسٹس کیں۔

ایف آئی اے نے نیٹ ورک سے جڑے ان ملزمان کو آج گرفتار کیا ہے۔ گرفتاریاں نیٹ ورک سر غنہ مقصود عارف کی مدد سے ممکن ہوئی ہیں۔

ڈان نیوز سے وابستہ سینئر صحافی اور اینکر مبشرزیدی  نے اپنے ٹوئٹ میں بتایا کہ  سوشل میڈیا پر فوج اور عدلیہ پر تنقید میں ملوث  3ملزمان کو  لاہور جبکہ  فیصل آباد اور گجرات سے 8 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کا کہنا ہے کہ ان کے پاس ایسے 50 کارکنوں کی فہرست ہے جو 100 گمنام/جعلی اکاؤنٹس چلا رہے تھے۔

بعد ازاں مبشر زیدی نے ایک اور ٹوئٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ  ایف آئی اے کو پی ٹی آئی کے گرفتار کارکنوں سے اداروں کیخلاف منظم مہم کا کوئی ثبوت نہیں ملا لہٰذا  ان  کارکنوں کو رہا  کردیا گیا ہے ۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ لوگوں کو حراست میں لینے کے لیے ان پر دباؤ تھا۔

متعلقہ تحاریر