وزیر اعظم شہباز شریف اپنے روٹھے اتحادی کو منانے کے لیے مشن کراچی پر

خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا ایم کیو ایم وفاقی کابینہ کا حصہ نہیں بنے اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کو اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے۔ وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد یہ شہباز شریف کا یہ پہلا کراچی کا دورہ جہاں وہ مزار قائد پر حاضری کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد جائیں گئے اور متحدہ کی قیادت کو وفاقی کابینہ میں شمولیت پر راضی کریں گے۔

شیڈول کے مطابق شہر قائد میں آمد کے فوری بعد شہباز شریف اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دیں گے۔

مزار قائد پر حاضر کے بعد شہباز شریف ، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے ہمراہ سی ایم ہاؤس پہنچیں گے جہاں پر وہ کراچی میں جاری وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کی صدارت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیے

جنوبی وزیرستان، آپریشن کے دوران پاک فوج کے دو اہلکار شہید

فارمیشن کمانڈرز نے فوج کے خلاف پراپیگنڈا مہم کا نوٹس لے لیا

بعدازاں وزیر اعظم شہباز شریف کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پی) کے ہیڈ کوارٹر بہادر آباد کا بھی دورہ کریں گے جہاں وہ ایم کیو ایم پی کی رابطہ کمیٹی کے اراکین سے ملاقات کریں گے اور انہیں وفاقی کابینہ میں شمولیت پر راضی کرنے کی کوشش کریں گے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پی) کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم وفاقی کابینہ کا حصہ نہیں بنیں گے بلکہ باہر بیٹھ کر وسیع البنیاد حکومت کی حمایت جاری رکھیں گے۔

خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا ایم کیو ایم وفاقی کابینہ کا حصہ نہیں بنے اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کو اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔

ایم کیو ایم پی کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ان کی جماعت نے مخلوط حکومت کے ساتھی رہنماؤں سے حکومت سازی کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پی ، اتحاد کے قائدین کی جانب سے ایم کیو ایم پی کے ساتھ کراچی اور صوبے کے دیگر علاقوں سے متعلق کیے گئے معاہدوں پر عمل درآمد میں زیادہ دلچسپی رکھتی ہے اور وعدوں پر عملدرآمد کی خواہش رکھتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے لیے وعدوں کا پورا کیا جانا زیادہ اہم ہے۔

ایک سوال کے جواب میں خالد مقبول صدیقی نے سابق میئر کراچی وسیم اختر کے بیان پر تبصرے سے گریز کیا۔

واضح رہے کہ سابق میئر کراچی وسیم اختر نے قومی اسمبلی میں پیر کے روز وزیر اعظم شہباز شریف کی پہلی تقریر میں ایم کیو ایم پی کے ساتھ وعدوں کا ذکر نہ کرنے پر سخت تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

متعلقہ تحاریر