قومی و صوبائی اسمبلیوں کی حلقہ بندیاں 3 اگست تک مکمل ہونگی
چیف الیکشن کمشنر سکندر راجہ کی زیرصدارت اہم اجلاس، اوورسیز ووٹنگ اور الیکٹرانگ ووٹنگ مشین کے استعمال کا جائزہ۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق آج ای سی پی کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں ای وی ایم اور اوورسیز پاکستانیوں کو انتخابات میں حق رائے دہی استعمال کرنے کی اجازت دینے کا جائزہ لیا گیا۔
الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور اوورسیز ووٹنگ پر کام کر رہا ہے۔
#ECP pic.twitter.com/PuZd3gkOVW
— Election Commission of Pakistan (OFFICIAL) (@ECP_Pakistan) April 19, 2022
ای وی ایم کی خریداری کے لیے مختلف اخبارات میں اظہار دلچسپی کے نوٹس شائع کروائے جاچکے ہیں۔
9 کمپنیوں نے الیکشن کمیشن سے اظہار دلچسپی کے لیے کاغذات حاصل کیے تھے جبکہ مقررہ تاریخ تک 7 کمپنیوں نے Expression of Interest جمع کروائے۔
ان کمپنیز کی طرف سے الیکشن کمیشن کو مئی کے مہینے میں مصنوعات پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی جس کے بعد کمیشن منتخب کردہ کمپنیز کے ساتھ کام شروع کرے گا۔
ای سی پی کے اعلامیے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے اپنے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کو ہدایات دی ہیں کہ جلد از جلد کام مکمل کیا جائے۔
اوورسیز ووٹنگ کے حوالے سے ای سی پی نے سائبر سیکیورٹی ماہرین کے ساتھ ایک جدید ریسرچ ونگ قائم کیا ہے۔
اس ریسرچ ونگ میں مختلف ممالک کے اوورسیز ووٹنگ طریقہ کار پر تحقیق کی جا رہی ہے۔
اجلاس میں صوبائی الیکشن کمشنرز کو انتخابی فہرستوں پر نظرثانی کی ہدایات دی گئیں۔
اجلاس کے دوران پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ حلقہ بندیوں کیلیے نقشے اور دیگر مواد اسی ہفتے تمام صوبوں سے موصول ہوجائے گا۔
قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی حلقہ بندیوں کا کام 3 اگست 2022 تک مکمل کرلیا جائے گا۔