کیا وزیر خارجہ بلاول بھٹو پاکستان کیلیے فوائد سمیٹ سکیں گے؟

بلاول بھٹو کی امریکا میں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، یو این جنرل اسمبلی صدر، امریکی سیکرٹری خارجہ سے ملاقات۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری آج کل امریکا کے دورے پر ہیں جہاں ان کی ملاقات سیکرٹری خارجہ اینٹونی بلنکن سے ہوئی۔ اس دورے میں بلاول بھٹو کئی دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقات کرچکے ہیں۔

بلاول بھٹو نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اینٹونیو گوتریس سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ایس ڈی جیز کی اہمیت پر زور دیا گیا اور مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت حل کرنے کا اعادہ کیا۔

اٹلی کے ہم منصب لویجی ڈی مایو کے ساتھ بھی بلاول بھٹو کی ملاقات ہوچکی ہے جس میں دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکی سیکرٹری خارجہ اینٹونی بلنکن سے ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلقات اور مشترکہ عزائم کے 75 برس مکمل ہونے پر باہمی تعلقات میں مزید مضبوطی کا عزم ظاہر کیا گیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم امریکی حکومت کے ساتھ پاکستان اور امریکا کے تجارتی تعلقات کو بہتر بنانے کیلیے سرمایہ کاروں اور تاجروں کو مواقع فراہم کریں گے۔

وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر عبداللہ شاہد سے بھی ملاقات کی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ترکی کے وزیر خارجہ میولت کاوسوگلو نے بلاول بھٹو سے ملاقات کے بعد کہا کہ اپنے بھائی اور پاکستان کے نئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو سے معاشی اور دفاعی صنعتی تعاون اور افغانستان کی صورتحال پر گفتگو ہوئی ہے۔

سیاسی تجزیہ کاروں نے کہا کہ خوش آئند بات ہے کہ پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو کو دنیا بھر میں پذیرائی مل رہی ہے اور وہ عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

تجزیہ کاروں نے کہا کہ دیکھنا یہ ہے کہ وزیر خارجہ پاکستان کے لیے کچھ فوائد سمیٹ کر لاتے ہیں یا نہیں۔

متعلقہ تحاریر