عمران خان نے سلمان اقبال کو 40ارب روپے کا فائدہ پہنچایا،مریم نواز

عمران خان نے سلمان اقبال کا 10سے 12ارب کا ٹیکس معاف کیا،بغیر کارروائی کے 4ارب کا ورلڈ کال دے ڈالا، نائب صدر مسلم لیگ ن: اے آر وائی میڈیا گروپ نے الزامات کو مسترد کردیا

مسلم لیگ ن  کی نائب صدر مریم نواز نے سابق وزیراعظم عمران خان پر اے آر وائی نیوز کے  مالک سلمان اقبال  کو  40 ارب روپے کا فائدہ پہنچانے کا الزام عائد کردیا۔

سرگودھا  میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران  مریم نواز نے ایک بار پھر اے آر وائی نیوز کو نشانہ بنایا ۔

یہ بھی پڑھیے

پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے25منحرف ارکان ڈی سیٹ قرار

روزنامہ ڈان نے نگراں حکومت سے متعلق حامد میر کا دعویٰ غلط ثابت کردیا

مریم نواز  نے الزام عاید کیا کہ  عمران خان نے سلمان اقبال کو 40 ارب روپ کا فائدہ پہنچایا، دونوں ایک دوسرے کی پشت پناہی کررہے ہیں کیوں کہ دونوں چوری میں برابر کے حصے دار ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ  یہ فتنہ اس میڈیا کو بھی گالیاں دیتا ہے جس میڈیا نے اس کو عمران خان بنایا جس میڈیا نے اس کی دن رات خالی کرسیوں کے جلسے دکھائے جس میڈیا نے اسے یکطرفہ کوریج دی۔

مریم نواز نے کہا کہ  آج یہ ایک میڈیا چینل اے آروائی کو چھوڑ کر تمام میڈیا چینلز کے پیچھے پڑگیا ہے، ان کو غدار کہتاہے، ان کو ایجنٹ کہتا ہے، ان کو بکاؤ کہتا ہے۔

 مریم نواز نے کہا کہ جانتے ہو یہ اے آروائی کو کیوں کچھ نہیں کہتا، کیوں کہ اے آ وائی کا مالک سلمان اقبال سونے کا اسمگلر اور عمران خان کا قریبی دوست ہے۔ عمران خان نے سلمان اقبال کو 40 ارب روپے کا فائدہ پہنچایا۔ عمران خان نے اس کا 10سے 12ارب کا ٹیکس معاف کیا۔ عمران خان نے اس کوبغیر کارروائی کے 4ارب کا ورلڈ کال دے ڈالا اور یہ اس کی اور وہ اس کی پشت پناہی اس لئے کر رہے ہیں کہ دونوں چوری میں برابر کے حصےدار ہیں ۔

اے آر وائی کے سینئر ایگزیکٹو نائب صدر عماد یوسف نے  مریم نواز کے الزامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ  اے آر وائی ایم جی ایم ٹی مریم نواز  کی جانب اپنے جلسے میں اے آر وائی نیوز پر عائد کردہ  الزامات اور دھمکیوں کی شدید مذمت کرتا ہے

انہوں نے لکھا کہ  ایک نیوز چینل کی حیثیت سے ہمارا فرض ہے کہ کسی  پسند و نا پسند کے بغیر حقائق کو رپورٹ کریں۔یہ اشتعال انگیزی ہے اور اس کے نتیجے میں اگر ہمارے کسی کارکن پر حملہ ہوا تو مریم نواز کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی۔

متعلقہ تحاریر