رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین انتقال کرگئے

عامر لیاقت حسین کی طبیعت گزشتہ رات خراب ہوئی تھی،سینے میں تکلیف کے باجود اسپتال نہیں گئے، صبح اپنے گھر کے بیڈ روم میں مردہ حالت میں پائے گئے، ملازم جاوید: عامر لیاقت کے انتقال پر قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی

تحریک انصاف کے منحرف رکن قومی اسمبلی اور ٹیلی وژن کے معروف میزبان عامر لیاقت حسین انتقال کرگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق عامر لیاقت حسین  اپنے گھر کے بیڈ روم میں مردہ حالت میں پائے گئے۔ عامر لیاقت حسین کو خداداد کالونی میں واقع گھر سے فوری طور پر اسٹیڈیم روڈ پرواقع آغاخان اسپتال منتقل کیا گیا۔ جہاں اسپتال انتظامیہ نے عامر لیاقت کے انتقال کی تصدیق کردی۔

یہ بھی پڑھیے

جیو نیوز  نے عامر لیاقت کی چوتھی شادی کروادی

عامر لیاقت نے اپنی کردار کشی کا ذمہ دار پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم کو قرار دے دیا

نجی ٹی وی کے مطابق جمال صدیقی کے مطابق  عامر لیاقت  کے ملازم نے انہیں بتایا کہ صبح کمرے کا دروازہ کھولا تو عامر لیاقت اپنے بستر پر مردہ پائے گئے۔چھیپا ایمبولینس سروس نے بھی عامر لیاقت حسین کے انتقال کی تصدیق کردی۔

عامر لیاقت کے ملازم جاوید کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت کی طبیعت گزشتہ رات خراب ہوئی تھی،انہوں نے سینے میں تکلیف کی شکایت کی تھی ،انہیں اسپتال جانے کا کہا تو انہوں نے منع کردیا۔

ملازم جاوید کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت نے صبح ڈرائیور اور اس کے ساتھ بازار کا ناشتہ کیا اور کمرے میں چلے گئے، میں بجلی جانے کے بعد اندر والے کمرے میں پہنچا تو گبھراہٹ محسوس ہوئی باہر آیا تو ڈرائیور بھی موجود نہیں تھا، باہر جاکر دیکھا تو ڈرائیور بھی دھوئیں کے باعث گھبرا کر گھر کے باہر کھڑا ہوا تھا۔

جاوید کے مطابق اس نے اور ڈرائیور نے گھر کے باہر موجود دکانداروں کو بلایا جس پر ان لوگوں نے گھر میں جاکر عامر لیاقت کے کمرے میں جانے کی کوشش کی تو وہ اندر سے بند تھا، ہم نے لوگوں نے مشکل سے دروازہ کھولا اور اندر داخل ہوئے تو عامر لیاقت صوفے پر گرے ہوئے تھے۔

ملازم کے مطابق عامر لیاقت کو پانی چھڑک کر اٹھانے کی کوشش کی گئی لیکن وہ ہوش میں نہیں آئے جس پر ملازم نے پولیس کو 15 پر اطلاع دی جس کے بعد ریسکیو اداروں نے انہیں اسپتال منتقل کیا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق عامر لیاقت کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا تھا۔

سینئر صحافی فہیم صدیقی کے مطابق عامر لیاقت حسین کے ملازم نے بتایا ہے کہ عامر لیاقت کی طبیعت گزشتہ رات خراب ہوئی تھی جبکہ صبح ان کے کے کمرے سے چیخ کی آواز بھی آئی تھی جس کے بعد ان کا دروازہ کھٹکھٹایا گیا اور پھر دروازہ توڑ کر انہیں اسپتال منتقل کیاگیا۔

فہیم صدیقی کے مطابق اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت کو اسپتال لایا گیا تو ان کی ناک سے خون نکلا ہوا تھا جو ان کی مونچھوں پر بھی موجود تھا۔

سینئر صحافی فیض اللہ خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق گھر میں جنریٹر کا دھواں پھیلا ہوا ہے ممکنہ طور پہ لوڈ شیڈنگ کے سبب جنریٹر چلایا اور گیس بھرجانے کے سبب عامر لیاقت چل بسے۔ کراچی پولیس نے بھی عامر لیاقت حسین کے گھر میں دھواں بھرنے کی تصدیق کردی۔ پولیس کے مطابق عامر لیاقت کے گھر رات سے بجلی نہیں تھی جس کی وجہ سے گھر میں جنریٹر کا دھواں بھرا ہوا تھا۔

دریں اثنا عامر لیاقت کے انتقال کے سوگ میں قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی کردیا گیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی ایوان کی کارروائی کے دوران بتایا کہ ایوان کے رکن عامر لیاقت حسین انتقال کرگئے ہیں جس کے باعث قومی اسمبلی کا اجلاس کل شام تک ملتوی کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ عامر لیاقت حسین تیسری بیوی کی علیحدگی کے بعد شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھے اور انہوں نے ہمیشہ کیلیے ملک چھوڑنے کا اعلان بھی کردیا تھا۔

متعلقہ تحاریر