سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے حق اور مخالفت میں درخواستیں جمع

پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے حق میں ایک درخواست پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی ہے جبکہ اب لانگ مارچ روکنے کے لیے بھی درخواست جمع کرا دی گئی ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے دائر کی درخواست میں وفاقی دارالحکومت کی طرف سے لانگ مارچ  و احتجاج میں رکاوٹ نہ ڈالنے کو یقینی بنانے کی سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی جبکہ دوسری جانب دائر درخواست میں مارچ روکنے کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

برطانوی اخبار گارڈین نے شہباز شریف کو جمہوریت دشمن قرار دے دیا

بلاول بھٹو اور سیکریٹری جنرل او آئی سی کا بھارت میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا پر تشویش کا اظہار

عدالت عظمیٰ میں پاکستان تحریکِ انصاف کے ممکنہ لانگ مارچ کو روکنے کے شہری اصغرعلی شیخ کی جانب سے درخواست دائر کی گئی ہے۔

درخواست میں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماؤں سابق وزیراعظم عمران خان، شیخ رشید، شاہ محمود قریشی اور فواد چوہدری سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد جلسوں میں ملکی اداروں کو دھمکیاں دے رہے ہیں اور عوام کو اداروں پر حملے کیلئے اکسا رہے ہیں۔ عدالت ملک میں پرامن ماحول برقرار رکھنے کیلئے خونی مارچ کو رکوائے۔

درخواست میں کہا گیا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کا لانگ مارچ کرنے کا مقصد ملک میں افراتفری پھیلانا ہے۔ درخواست گزار نے خدشہ ظاہر کیا کہ عمران خان ٹائیگر فورس کو حکومت کے خلاف استعمال کرسکتے ہیں۔

شہری کی درخواست میں کہا گیا کہ عمران خان سمیت تحریک انصاف کے رہنما ٹی وی چینلز پر کہہ چکے ہیں کہ پی ٹی آئی کا مارچ خونی ہوگا جبکہ عمران خان نے حالیہ متنازع انٹرویو میں کہا کہ ملک تین حصوں میں تقسیم ہو گا اور ایٹمی اثاثے خطرے میں ہیں۔

شہری کی جانب سے دائر درخواست میں سپریم کورٹ سے جے آئی ٹی کی تشکیل کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ سابق وزیراعظم سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف حکم جاری کیا جائے۔

دوسری جانب۔۔۔

سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کہہ چکے ہیں کہ سپریم کورٹ سے وضاحت ملنے کے بعد وہ لانگ مارچ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

پاکستان تحریکِ انصاف نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پرامن احتجاج کرنے اور حکومت کو مداخلت سے روکنے کے لیے یکم جون کو سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

علی ظفر ایڈووکیٹ نے سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کی جانب سےدرخواست دائر کی تھی جس میں استدعا کی گئی تھی کہ حکومت کو پابند بنایا جائے کہ وہ  پی ٹی آئی کے لانگ مارچ میں رکاوٹیں کھڑی نہیں کرے گی۔

یہ درخواست عمران خان کی جانب سے حکومت کو انتخابات کی تاریخ کے لیے دی گئی چھ روز کی ڈیڈ لائن کی مدت ختم ہونے پر دائر کی گئی۔

عمران خان کا چند روز قبل کہنا تھاکہ وہ سپریم کورٹ میں دائر درخواست پر سپریم کورٹ کی رولنگ کا انتظار کر رہے ہیں۔ وہ عدالت عظمیٰ کے فیصلے کی روشنی میں سڑکوں پر نکلنے کا اعلان کریں گے۔

متعلقہ تحاریر