ضمنی الیکشن سے 2 روز قبل پی ٹی آئی کیخلاف قانونی کارروائیوں کا آغاز
شہباز شریف حکومت نے عمران خان ، شاہ محمود قریشی ، پرویز خٹک ، شیخ رشید اور فرح گوگی سمیت 126 افراد کے انتقامی کارروائیوں کا آغاز کردیا ہے۔
شہباز شریف حکومت نے ضمنی انتخابات سے تین روز قبل پی ٹی وی حملہ کیس میں صدر عارف علوی ، سابق وزیراعظم عمران خان ، شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک سمیت 126 افراد کی بریت کے خلاف اپیل دائر کردی ہے ، سابق خاتون اول کی قریبی ساتھی فرح گوگی کو نیب نے طلب کرلیا ہے کہ جبکہ اینٹی کرپشن پنجاب نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو اراضی کی فروخت کے معاملے پر طلب کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی وی حملہ کیس میں سابق وزیر آعظم عمران خان اور پرویز خٹک کی بریت کے خلاف حکومت نے اپیل فائل کر دی ہے، اپیل میں میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور پرویز خٹک، اسد عمر، شاہ محمود قریشی اور 126 کو فریق بنایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
رانا ثنا اللہ کی اخلاقیات سے عاری ٹوئٹ پر پی ٹی آئی کا کرارا جواب
بابر غوری رہائی کے بعد وہ کام کرینگے جس کیلئے آئیں ہیں
اپیل میں کہا گیا ہے کہ ماتحت عدالت کا حکم غیر قانونی اور بغیر کسی قانونی جواز کے من مانی ہے، ماتحت عدالت کا حکم قانون کی نظر میں پائیدار نہیں ہے۔ اپیل میں کہا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے غیر قانونی حکم جاری کیا۔ غیر جانبدارانہ حکم نامے کو سستی اور جلدبازی میں پاس کیا گیا ہے۔
اپیل میں کہا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے جرم کی سنگینی، قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے شدید زخمی ہونے، جانوں کے ضیاع اور سرکاری املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان کو بھی مدنظر نہیں رکھا۔
اپیل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ملزمان کو ایف آئی آر ضمنی بیانات میں مخصوص کردار اور مجرمانہ شواہد کے ساتھ نامزد کیا گیا تھا ، جو انہیں جرم کے کمیشن سے جوڑنے کے لئے ریکارڈ پر موجود ہے، ٹرائل کورٹ نے اپنی صوابدید کو درست طریقے سے استعمال نہیں کیا۔
حکومت کی جانب سے دائر کی گئی اپیل میں کہا گیا ہےکہ ملزمان کو جرم کے کمیشن سے جوڑنے کے لیے کافی دستاویزی اور شواہد ریکارڈ پر موجود ہیں، ٹرائل کورٹ نے نہ تو متاثرین کو نوٹس جاری کیا، ٹرائل کورٹ کو ہدایت کی جائے کہ وہ قانون کے مطابق ملزمان کا ٹرائل کریں۔
ادھر سابق خاتون اول کی قریبی ساتھی فرح گوگی کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے فرح خان عرف فرح گوگلی کو لیگل نوٹس جاری کرتے ہوئے 20 جولائی کو ذاتی طور پر تفتیش کاروں کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔
قومی احتساب بیورو (نیب) کے ترجمان کے مطابق فرخ خان اور دیگر ملزمان کے خلاف انکوائری جاری ہے جن پر آمدن سے زائد اثاثوں اور منی لانڈرنگ کے الزامات ہیں۔ ملزم کو متعلقہ دستاویزات کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے فرح گوگی کی وطن واپسی کے لیے قانونی کارروائی بھی شروع کر دی ہے- فرح گوگی مسلم لیگ ن کی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد دبئی منتقل ہو گئیں تھیں۔
دوسری جانب اینٹی کرپشن پنجاب نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو "دی لائف ریزیڈینشیا ہاؤسنگ سوسائٹی اسلام آباد” کو غیرقانونی طور پر زمین فروخت کرنے پر 15 جولائی کو طلب کرلیا ہے۔
محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے شیخ رشید احمد سمیت "دی لائف ریزیڈینشیا ہاؤسنگ سوسائٹی اسلام آباد” کے جنرل مینیجر حیدر حسن اور محمد سرفراز سیال کو 15 جولائی کے لیے نوٹس جاری کیے ہیں۔
محکمہ اینٹی کرپشن نے راولپنڈی ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے افسر اور متعلقہ پٹواری کو بھی طلب کیا ہے۔
محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کے نوٹس کے مطابق سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو سوسائٹی کو فروخت کی جانے والی اراضی کا مکمل ریکارڈ بھی ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اینٹی کرپشن پنجاب نے "دی لائف ریزیڈینشیا ہاؤسنگ سوسائٹی اسلام آباد” کے جی ایم اور محکمہ مال و آر ڈی اے کے افسران کو تمام بینک اکاونٹ ، رقم کی ادائیگی و وصولی سمیت متعلقہ ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔









