بلاول کے بعد آصفہ سیاست میں قدم رکھیں گی

پی ڈی ایم کے ملتان کے جلسے میں پیپلز پارٹی سے آصفہ بھٹو اور (ن) لیگ سے مریم نواز جلسے میں شرکت کریں گی

محترمہ بےنظیر بھٹو کی شہادت کے بعد سیاسی میدان میں بھٹو خاندان سے جو پہلا نام سامنے آیا وہ بلاول بھٹوزرداری کا تھا۔ جس کے بعد اب محترمہ کی سب سے چھوٹی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری بھی باقاعدہ طور پر سیاست میں قدم رکھنے جارہی ہیں۔

آصفہ بھٹو 30 نومبر کو ملتان میں ہونے والے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے میں شرکت کریں گی۔

اس پلیٹ فارم کے تحت ہونے والا پہلا خطاب انہیں سیاست میں کہاں تک لے جاتا ہے یہ تو وقت ہی بتائے گا۔ تاہم کرونا کے بڑھتے کیسز کے باعث جلسہ ہوگا یا نہیں یہ ایک سوالیہ نشان ہے۔

  آصفہ بھٹو کے سیاسی کیئریرکے آغازکے لیے 30 نومبرکی تاریخ اہم ہے۔ اس دن پاکستان پیپلزپارٹی کا 53 واں یوم تاسیس منایا جائے گا۔

اِس دن پیپلزپارٹی کی جانب سے آصفہ بھٹو آگے آرہی ہیں تو دوسری جانب مسلم لیگ (ن) سے نائب صدر مریم نواز جلسے میں شرکت کریں گی۔

یہ بھی پڑھیے

جلسہ، کرونا اور حکومت و اپوزیشن کی ہٹ دھرمی

دونوں سیاسی جماعتوں کی اعلیٰ قیادتیں قاسم باغ میں موجود نہیں ہوں گی۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کرونا وائرس کا شکار ہونے کے باعث آئسولیٹڈ ہیں۔ جبکہ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔

صدر (ن) لیگ شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی کے قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز پرول پررہا ہوئے ہیں۔ جس کے باعث دونوں جلسے کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔ دونوں رہنماؤں کو بیگم شمیم اختر کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے جیل سے رہا کیا گیا ہے۔

متعلقہ تحاریر