جولائی میں 61سال بعد معمول سے 181فیصد زائد بارشیں ریکارڈ
بلوچستان میں اوسط سے 450فیصد اور سندھ میں 308فیصد زائد بارشیں ہوئی، ایک دن میں سب سے زیادہ 219ملی میٹر بارش 25 جولائی کو بدین میں ریکارڈ کی گئی، ایک مقام پر سب سے زیاد 606ملی میٹر بارش مسرور بیس کراچی میں ریکارڈ کی گئی،محکمہ موسمیات
ملک میں جاری حالیہ مون سون کا موسم 2 ماہ طویل ہونے کے علاوہ گزشتہ ماہ ہی اوسط سے کہیں زیادہ بارشوں کا سبب بن چکا ہے۔ جولائی 1961 کےبعدگزشتہ ماہ معمول سے 181فیصد زائد بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔
بدھ کو محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری کردہ جولائی کی موسمیاتی سمری میں کہا گیا ہے کہ اس سال مون سون کا موسم معمول سے ایک دن پہلے شروع ہوا جب30جون کو بحیرہ عرب سے اٹھنے والے طاقتور سسٹم نے یکم جولائی تک پورے جنوبی سندھ کو لپیٹ میں لے لیا۔
یہ بھی پڑھیے
محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں آندھی اور تیز بارش کا الرٹ جاری کردیا
پاکستان میں بارشوں کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، شیریں رحمان
ملک بھرکے 25 موسمیاتی اسٹیشنز کی جائزہ رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ بارش برسانے والا نظام 6جولائی تک ملک بالائی اور وسطی علاقوں تک پھیل گیا اور اس کے علاوہ خلیج بنگال سے بھی وقتاًفوقتاً بارشوں کا سبب بنے والے بادل ملک میں داخل ہوتے رہے اور یہ سلسلہ تقریباً پورے مہینے جاری رہا۔
محکمہ موسمیات کراچی کے کلائمیٹ ڈیٹا پروسیسنگ سینٹر میں تیار کردہ سمری میں مزید کہا گیا ہے کہ جولائی میں ملک بھر میں اوسط سے زیادہ بارشوں کے ساتھ بلوچستان اور سندھ میں جولائی کی بارشوں سے کہیں زیادہ بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جولائی 2022 کی بارشیں اوسط قومی بارشوں سے 181فیصد زیادہ تھیں اوریہ1961کے بعد سب سے زیادہ بارشوں والاجولائی ثابت ہوا ہے۔رپورٹ کے مطابق صرف جولائی کی بارش مون سون کی مجموعی بارشوں سے 26فیصد زیادہ تھی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان اور سندھ میں بالترتیب اوسط سے 450 فیصد اور 308 فیصد زیادہ بارشیں ہوئیں جبکہ پنجاب میں اوسط سے 116 فیصد، گلگت بلتستان میں 32 فیصد اور کے پی میں 30 فیصدزائد بارش ریکارڈ کی گئی۔
روپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ ایک دن میں سب سے زیادہ 219 ملی میٹر بارش 25 جولائی کو بدین میں ریکارڈ کی گئی جبکہ ایک مقام پر سب سے زیاد 606 ملی میٹر بارش مسرور بیس کراچی میں ریکارڈ کی گئی،
بارشوں کے حوالے دیر نمایاں علاقوں میں اسلام آباد ایئرپورٹ پر 573.3ملی میٹر،پڈعیدن میں 535.4ملی میٹر، گوجرانوالہ میں 494ملی میٹر،اولڈ اسلام آباد ایئرپورٹ پر481.9ملی میٹر،تخت بھائی میں 456.2ملی میٹر،زیروپوائنٹ اسلام آباد میں 449ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ گجرات میں 424ملی میٹر،سیالکوٹ کینٹ 423ملی میٹر،لسبیلہ 404.7ملی میٹر،منگلا 391.2ملی میٹر،جہلم 383.7ملی میٹر،چکوال 383.6ملی میٹر، کوٹلی 360ملی میٹر، مری 356ملی میٹر،سیالکوٹ ایئرپورٹ 352.4ملی میٹراور بالاکوٹ میں 352.4ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
دوسری طرف پورے ملک میں صرف چلاس اور نوکنڈی ایسے مقامات تھے جوپورے جولائی بارش کے بغیر مکمل طورپر خشک رہے ۔









