ایمن الظواہری کی ہلاکت، پاک فوج کی تردید کے باوجود فواد چوہدری نے سوال اٹھا دیا
افغانستان میں ڈرون حملے پر سوال اٹھاتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی اور سابق وزیر اطلاعات نے متعلقہ اداروں سے واضح جواب طلب کیا ہے۔
گزشتہ روز پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے مکمل وثوق سے دعویٰ کیا تھا اس امکان کو رد کیا تھا کہ افغانستان میں القاعدہ کے رہنما ایمن الظواہری کی ہلاکت میں پاکستان کی سرزمین استعمال ہوئی ہے تاہم آج سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ زمین کے استعمال کا سوال نہیں فضا استعمال کرنے کی اجازت دی گئی یا نہیں؟
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نےلکھا ہے کہ ” افغانستان کے ڈرون حملے میں پاکستان کی زمین استعمال ہونے کا سوال نہیں ہے سوال یہ ہے کہ پاکستان کی فضاء استعمال کرنے کی اجازت دی گئی یا نہیں؟”
یہ بھی پڑھیے
سکھر چیمبر آف کامرس کا آرمی ہیلی کاپٹر حادثے پر رنج و غم کا اظہار
فواد چوہدری نے مزید لکھا ہے کہ "بار بار یہ بیان کہ پاکستان کی سرزمین استعمال نہیں ہوئی غیر واضع بات ہے متعلقہ وزارتوں کو وضع بیان جاری کرنا ہو گا۔”
یاد رہے کہ جمعے کے روز ایک نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امریکی ڈرون حملے میں القاعدہ کے سربراہ ایمن الظواہری کی ہلاکت کے واقعہ پر دفتر خارجہ پہلے ہی وضاحت دے چکا ہے اور اس موضوع پر دوبارہ بات کرنا مناسب نہیں ہے۔
ایک سوال کے جواب میں میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ یکم اگست کو لسبیلہ میں ہیلی کاپٹر کا المناک حادثہ ہوا، ہیلی کاپٹر امدادی کارروائیوں میں مصروف تھا تاہم ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا شروع کر دیا گیا جو سخت قابل مذمت ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ منفی پروپیگنڈے سے شہداء کے خاندان، مسلح افواج اور پوری قوم کو تکلیف پہنچی، اس رویے کی ہر سطح پر مذمت کی جانی چاہیے۔
ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا تھا "پوری قوم اس مشکل وقت میں ادارے کے ساتھ کھڑی ہے، تاہم کچھ غیرحساس حلقوں نے سوشل میڈیا پر توہین آمیز تبصروں کا سہارا لیا جو ناقابل قبول اور انتہائی قابل مذمت ہے۔”
واضح رہے کہ 2 اگست کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے تصدیق کی تھی کہ کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت 6 فوجی افسران ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہوئے ہیں۔