عمران خان کی ڈوریاں ابھی بھی کہیں اور سے ہلائی جارہی ہیں، جاوید لطیف
وفاقی وزیر جاوید لطیف نے کہا کہ عمران خان جیسے کردار مختلف ادوار میں اپنا کردارادا کرتے رہے ہیں، انکی ڈوریاں ابھی بھی کہیں اور سے ہلائی جارہی ہے جس پر ہمیں تشویش ہے
مسلم لیگ کے رہنما وفاقی وزیرجاوید لطیف کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ڈوریاں ابھی بھی کہیں اور سے ہلائی جارہی ہیں جس پر ہمیں تشویش ہے ۔
وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ کی ڈوریاں ابھی بھی کہیں اورسے ہلائی جارہی ہے جس پر ہمیں تشویش ہے۔ عمران خان جیسے کردار مختلف ادوار میں اپنا کردار ادا کرتے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
مقتدر قوتیں اب بھی تحریک انصاف کے ساتھ کھڑی ہیں، جاوید لطیف
نون لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ آنے کے باوجود ایک طبقہ جلسوں کی کال دے رہا ہے۔ روپیہ آج پھر بہتر ہونا شروع ہوا ہے تو تم پھر احتجاجی کال دے رہے ہو۔ عمران خان جیسے کردار ہر دور میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بنانے والوں کو غدار قراردیا گیا۔ قائد ملت لیاقت علی خان کے قاتلوں کا آج تک کچھ معلوم نہیں ہوپایا۔ فاطمہ جناح کو بھی غدار کہا گیا اورایوب خان مادر ملت کا الیکشن چرا کر ملک پر پر قابض ہوا ۔
مسلم لیگ نون کے رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اندھیرے دور کرنے والے کو ہائی جیکر بنا کر اسے سزا دی گئی جبکہ بعد میں پوری دنیا نے مانا کہ جائی جیکنگ کا کیس ایک سراسر بے بنیاد الزام تھا ۔
جاوید لطیف نے سوال پوچھا کہ غیرملکی کمپنیوں نے عمران خان کو فنڈنگ کیوں کی؟۔ اسپتال کو دیے جانے والے پیسے پی ٹی آئی کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کیسے ہو گئے؟ ۔
مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف کا کہنا ہے عمران خان اکیلا مجرم نہیں ہے بلکہ ثاقب نثار بھی اس کے ساتھ مرکزی کردار ہیں۔