پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار کا متحدہ عرب امارا ت کا دورہ

پی این ایس ذوالفقار کا حالیہ دورہِ متحدہ عرب امارات اور بحری مشق کے انعقاد سے دونوں برادر ممالک کے مابین سفارتی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔

اسلام آباد: پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول پر تعیناتی کے دوران متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا۔ بندرگاہ آمد پر ابوظہبی میں پاکستان کے دفاعی اتاشی اور متحدہ عرب امارات کی بحریہ کے سینئر حکام نے پاک بحریہ کے جہاز کا استقبال کیا۔

بندرگاہ کے دورے کے دوران پی این ایس ذوالفقار کے کمانڈنگ آفیسر کیپٹن طیب ودود انور نے ڈپٹی کمانڈر یو اے ای نیول فورسز اور یو اے ای بحریہ کے دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کے علاوہ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے

اماراتی صدر نے آرمی چیف کو آرڈر آف دی یونین ایوارڈ سے نوازا

پاک بحریہ کے جہاز تیمور کادورہِ سری لنکا اور بحری مشق لائن اسٹار میں شرکت

پی این ایس ذوالفقار نے یو اے ای میں پاکستان کے یوم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی بھی منائی۔ پی این ایس ذوالفقار پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر عزت مآب جناب افضل محمود نے بھی شرکت کی۔  متحدہ عرب امارات کی بحریہ کے حکام، بزنس کمیونٹی کے سرکردہ ارکان، پاکستانی کمیونٹی کے نامور افراد اور دیگر ممالک کے سفارتی حکا م نے بھی بڑی تعداد میں جہاز پر منعقدہ ڈائمنڈ جوبلی کی تقریب میں شرکت کی۔

بندرگاہ پرقیام کے دوران دونوں ممالک کی بحری افواج نے متعدد دو طرفہ سر گرمیوں بشمول بحری جہازوں اور عسکری تنصیبات کادورہ کیا۔ دورے کے اختتام پر پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار اور متحدہ عرب امارات کی بحریہ کے جہاز "صلاحا” کے مابین دو طرفہ بحری مشق کا انعقاد کیا گیا۔

پی این ایس ذوالفقار کا حالیہ دورہِ متحدہ عرب امارات اور بحری مشق کے انعقاد سے دونوں برادر ممالک کے مابین سفارتی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔

متعلقہ تحاریر