مصطفیٰ نواز کھوکھر کی شہباز گل پر تشدد کی مذمت، شہباز شریف کو بے بس کہہ دیا

مصطفیٰ نوازکھوکھر نے وزیراعظم شہبازشریف اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ اس ظلم میں شامل ہیں یا پھر اسے روکنے میں بے بس ثابت ہورہے ہیں

پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھرنے تحریک انصاف کے رہنما شہبازگل پر تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی مخالفین پر  ٹارچر کرکے ہم کون سی جمہوریت کی خدمت کررہے ہیں؟۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل پر دوران حراست تشدد کے خلاف  پی پی رہنما مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ   اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا آپ ان سے کتنا اختلاف کرتے ہیں  یا نا پسند کرتے ہیں تاہم اس طرح عزت کو پامال نہیں کیا جانا چاہیئے ۔

یہ بھی پڑھیے

شہباز گل کی پولیس کو حوالگی ، انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، ایچ آر سی پی

پیپلزپارٹی کے سینیٹرنے شہبازگل پرتشدد کے خلاف اپنے غم وغصے کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ شہبازگل پر جسماجی تشدد کی پریشان کن تصاویر دیکھیں ۔سیاسی مخالفین پر تشدد کرکے کون سی جمہوریت کی خدمت کی جارہی ہے ۔

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اورپاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ اس ظلم میں شامل ہیں یا پھراسے روکنے میں بے بس ثابت ہورہے ہیں۔ یہ ہمارے لیے شرم کا مقام ہے ۔

واضح رہے کہ اسلام آباد پولیس نے چند روز سابق وزیراعظم عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گِل کو مبینہ بغاوت پر اُکسانے کے کیس میں گرفتار کیا تھا ۔

عمران خان نے اپنے چیف آف اسٹاف کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ شہباز گل کو گرفتار نہیں اغوا کیا گیا ہے۔ کیا ایسی شرمناک حرکتیں کسی بھی جمہوریت میں ممکن ہیں؟۔

سابق وزیر کا کہنا تھا کہ سیاسی کارکنوں کے ساتھ دشمن جیسا برتاؤ کیا جاتا ہے تاکہ ہم بیرونی حمایت یافتہ چوروں کی حکومت تسلیم کر لیں۔

متعلقہ تحاریر