ممنوعہ فنڈنگ کیس: ایف آئی اے کا 3 نوٹسز کے بعد عمران خان کو گرفتار کرنے کا امکان
وفاقی تحقیقاتی ادارے نے ممنوعہ فنڈنگ کیس کی تحقیقات کا دائرہ دیگر ممالک تک بڑھانے کا فیصلہ کرلیا،بیرونی ایجنسیز کے مدد بھی لی جائے گی

وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں سربراہ پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے موقف کو مسترد کرتے ہوئے دوبارہ نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کی تحقیقات کے معاملے پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا مؤقف مسترد کردیا۔
یہ بھی پڑھیے
ایف آئی اے کی ممنوعہ فنڈنگ کیس کی تحقیقات، پی ٹی آئی کو نوٹسز جاری
ذرائع نے بتایا کہ فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے موقف کو مسترد کرتے ہوئے دوبارہ نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے کے ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی چیف عمران خان کو تین نوٹسز بھیجنے کے بعد ان کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے جائیں گے ۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے ممنوعہ فنڈنگ کیس کی تحقیقات کیلئے پی ٹی آئی کے چیئرمین اور جنرل سیکرٹری کو نوٹسز جاری کر کے پارٹی فنڈز کے ریکارڈ کی تفصیلات طلب کی تھیں۔
تحریک انصاف کے سربراہ نے فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی کے نوٹس پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ کو جوب دہ نہیں ہوں اور نہ ہی معلومات فراہم کرونگا ۔
دوسری جانب وفاقی تحقیقاتی ادارے نے ممنوعہ فنڈنگ کیس کی تحقیقات کا دائرہ دیگر ممالک تک بڑھانے کا فیصلہ کرلیا۔ امریکا اور برطانیہ سمیت جہاں سے بھی تحریک انصاف کو فنڈز آئے تحقیقات ہوں گی۔
ایف آئی اے ان ممالک کی کمپنیوں و شخصیات کی معلومات جمع کرے گا، اور اس کے لئے ایف بی آئی، نیشنل کرائم ایجنسی اور دیگراداروں سے مدد لی جائے گی۔اس حوالے سے ایف آئی اے بیرون ممالک کی تحقیقاتی ایجنسیوں سے معاونت لے گا۔