اسلام آباد پولیس کا عمران خان کو سیکورٹی فراہم کرنے سے انکار، ذرائع

وزیراعلیٰ پرویز الہٰی کے صاحبزادے چوہدری مونس الہٰی نے کہا ہے اگر اسلام آباد پولیس عمران خان کو سیکورٹی فراہم نہیں کرے گی تو پنجاب پولیس تحفظ فراہم کرے گی۔

کیپیٹل پولیس اسلام آباد نے سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بحیثیت ادارہ تمام جھوٹے الزامات کی تردید کرتے ہیں اور قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کیپیٹل پولیس نے عمران خان کی سیکورٹی ڈیوٹی سے انکار کردیا ہے جس پر سابق وفاقی چوہدری مونس الہٰی نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس ان شاء اللہ عمران خان کو سیکورٹی فراہم کرے گی۔

یہ بھی پڑھیے

شہباز گِل پر تشدد، بابر اعوان کا غیرجانبدار میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا مطالبہ

پیٹرول کی قیمت میں اضافہ، نواز شریف کی سیاسی اور قانونی مشکلات مزید بڑھ گئیں

عمران خان کی ایف نائن پارک تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے کیپیٹل پولیس نے لکھا ہے کہ "اسلام آباد پولیس اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی سے جاری رکھے گی۔ جو بھی شخص دھمکیاں یا الزامات لگائے گا اس کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا۔”

کیپیٹل پولیس نے لکھا ہے کہ "اسلام آباد پولیس عوام  اور وطن کیلئے اپنے کام کو سنجیدگی سے لیتی ہے۔”

انہوں نے اپنے پیغام میں مزید لکھا ہے کہ "ہم ہر حال میں قوم کی خدمت کا حلف اٹھائے ہوئے ہیں۔ تمام آفیسرز اور جوان پوری ذمہ داری سے  اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں اور دیتے رہیں گے۔”

انہوں نے لکھا ہے کہ "پولیس ایک منظم ادارہ ہے، ہم ہر حال میں اپنے فرائض سرانجام دینے کے پابند ہیں اور کسی قسم کی بدنظمی کا مظاہرہ نہیں کر سکتے۔”

اسلام آباد پولیس نے لکھا ہے کہ "اسلام آباد کیپیٹل پولیس بحیثیت ادارہ تمام جھوٹے الزامات کے خلاف قانون کے مطابق عمل کرے گی۔”

اسلام آباد پولیس کے اس بیان کے ردعمل میں وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے صاحبزادے چوہدری مونس الہٰی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کیا ہے کہ "اگر وہ سیکورٹی دینے سے انکاری ہیں تو پنجاب پولیس عمران خان کو سیکورٹی فراہم کرے گی۔ ان شاء اللہ۔”

واضح رہےکہ گزشتہ روز اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا تھا کہ ” ہم شہباز گل کے ساتھ مبینہ تشدد پر آئی جی اسلام آباد پولیس ، ڈی آئی جی اور مجسٹریٹ زیبا چوہدری کے خلاف سپریم کورٹ میں کیس کریں گے۔”

متعلقہ تحاریر