جج زیبا کے خلاف بیان، اسلام آباد ہائی کورٹ کا عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا فیصلہ

ہفتے کے روز اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں پی ٹی آئی کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے آئی جی ، ڈی آئی جی اور جج زیبا چوہدری کے خلاف متنازع بیان دیا تھا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ (آئی ایچ سی) نے پیر کے روز پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے خلاف سیشن کورٹ کی خاتون جج زیبا چوہدری کے بارے میں متنازع ریمارکس دینے پر توہین عدالت کی کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔

چیئرمین تحریک انصاف کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ کا لارجر بینچ تشکیل دے دیا گیا۔

لارجر بینچ کی سربراہی جسٹس محسن اختر کیانی کریں گے جبکہ دیگر ججز میں جسٹس بابر ستار ، جسٹس میاں گل اورنگزیب شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

شہباز گِل جسمانی ریمانڈ کیس ، سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اور اسلام آباد پولیس کو نوٹسز جاری

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے شہباز گل کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا

یہ فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے پی ٹی آئی کی جانب سے گرفتار پارٹی رکن شہباز گل کے پولیس ریمانڈ کو چیلنج کرنے والی درخواست کی سماعت کے دوران دیا۔

ہفتے کے روز اسلام آباد کے F-9 پارک میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے انسپکٹر جنرل آف پولیس اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس کے خلاف مقدمات درج کرنے کی دھمکی دی تھی اور اعلان کیا تھا کہ”ہم آپ کو نہیں چھوڑیں گے۔”

پی ٹی آئی کے چیئرمین نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج زیبا چوہدری کو بھی دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہم جج زیبا چوہدری کو بھی نہیں چھوڑیں کیونکہ انہوں نے کیپٹل پولیس کی درخواست پر شہباز گل کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا جج کو بھی سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

آج سماعت کے دوران اسلام آباد کے ایڈووکیٹ جنرل جہانگیر خان جدون نے معاملہ عدالت میں اٹھایا اور ججز پر زور دیا کہ وہ عمران کے تبصروں کا نوٹس لیں۔

جس پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس نے جواب دیا کہ "یہ ایک الگ معاملہ ہے۔ ہم دیکھیں گے کہ اس پر کیا کیا جاسکتا ہے۔‘‘

بعد ازاں دیگر ججز سے مشاورت کے بعد عدالت نے عمران کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔

جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس بابر ستار اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل لارجر بینچ کل کیس کی سماعت کرے گا۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ نے آج پھر ایک سیمینار میں آئی جی اسلام آباد اور جج زیبا چوہدری سے متعلق متنازع ریمارکس دیے ہیں۔

متعلقہ تحاریر