چین نے عمران خان پر سی پیک منصوبوں کو نقصان پہنچانے کا الزام مسترد کردیا

سابق حکومت نے سی پیک منصوبوں پر فوکس کیا تھا، انہوں نے سی پیک منصوبوں پر کام کو تیز کیا،تمام منصوبوں پر  کام کیلیے بھرپور کوشش کی لیکن اس حوالے سے غلط معلومات پھیلائی گئیں، چینی قونصل جنرل لی بیجیان

چینی قونصل جنرل لی بیجیان نے سابق وزیراعظم عمران خان کی حکومت پر سی پیک منصوبوں کو نقصان پہنچانے کے الزامات کو پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔

چینی قونصل جنرل کہتے ہیں عمران خان کی قیادت میں پاکستان کی سابق حکومت نے سی پیک منصوبوں پر فوکس کیا تھا، انہوں نے سی پیک منصوبوں پر کام کو تیز کیا، انہوں نے تمام منصوبوں پر  کام کیلیے بھرپور کوشش کی لیکن اس حوالے سے غلط معلومات پھیلائی گئیں۔

یہ بھی پڑھیے

وفاقی حکومت کا سی پیک اتھارٹی ختم کرنے کا فیصلہ

حکومت نے سی پیک کے تحت کراچی سرکلر ریلوے کی تکمیل پر نظریں جما لیں

لی بیجیان نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے  کہا کہ سی پیک پاکستان اور چین کا مشترکہ منصوبہ ہے ، میرے خیال میں چین اور پاکستان کی حکومتیں سی پیک کے منصوبوں پر عملدرآمد کو اہمیت دیتی ہیں۔کچھ منصوبے پر عملدرآمد چند وجوہات کی وجہ سے کسی حد تک متاثر ہوا ہے، اسکی بڑی وجہ کرونا وبا رہی ، وبا کی وجہ سے کام متاثر رہا ہے، عالمی وبا کی وجہ سے سپلائی، پروڈکشن اور ویلیو چینز متاثر ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبوں پر کام میں سست روی کے پیچھے کوئی سیاسی وجہ نہیں تھی بلکہ ایسا کرونا کی عالمی وبا کی وجہ سے ہوا۔انہوں نے کہاکہ سی پیک منصوبوں پر سست رفتاری کی پہلی وجہ عالمی وبا تھی اور دوسری وجہ سیکیورٹی صورتحال ہے،کبھی کبھار  سیکیورٹی اور سیفٹی سرمایہ کاروں کیلیے سب سے زیادہ تشویش کا باعث ہوتی ہے۔پروجیکٹ مینجمنٹ کیلیے اپنا معمول کاکام جاری رکھنا مشکل ہوجاتا ہے، کچھ منصوبے ان وجوہات کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بعض اوقات پاکستان میں پالیسی میں تبدیلی کی وجہ سے بھی ردو بدل کرنا پڑتا ہے، اس حوالے سے چین کے سرمایہ کاروں اور سی پیک منصوبے پر عملدرآمد کرنے والی ٹیم میں تشویش ہے۔

لی بیجیان نے مزید کہا کہ اگرچہ ہمیں کچھ مسائل کا سامنا ہے لیکن ہم ان کا حل بھی نکال رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی ٹیم کی سخت محنت کے باعث سی پیک منصوبوں پر بڑی تیزی سے کام ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبوں کی حفاظت  کے لیے سیکیورٹی پلان مرتب کرنے پر ہم پاکستان  کی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے  شکر گزار ہیں۔لی بیجیان نے مزید کہا کہ اب میرے خیال میں  سیکیورٹی مکینیزم موجود ہے،کراچی میں سیکیورٹی کی صورتحال بہترہورہی ہے اور پہلے سے بہت بہتر ہوگئی ہے اور ہم وفاقی اور مقامی حکومتوں کے اقدامات سے مطمئن ہیں۔

واضح رہے کہ موجودہ وفاقی حکومت کے وزرا احسن اقبال اور مصدق ملک پی ٹی آئی حکومت پر سی پیک منصوبوں کو نقصان پہنچانے اور انہیں سست روی کا شکار کرنے کے الزامات لگاتے رہے ہیں۔

متعلقہ تحاریر