تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو لاہور ہائیکورٹ سے 2 خوشخبریاں مل گئیں
لاہور ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی کے حلقے 118 ننکانہ صاحب سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیل خارج کردی جبکہ 108 فیصل آباد سے پی ٹی آئی چیف کی درخواست پر الیکشن کمیشن کی جان سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ سابق وزیر اعظم عمران خان کو لاہور ہائی کورٹ سے 2 بڑی خوشخبریاں مل گئیں۔ عدالت نے قومی اسمبلی کے حلقے 118 ننکانہ صاحب سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیل خارج کردی جبکہ حلقہ 108 فیصل آباد سے مسترد کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا ۔
لاہور ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی کے حلقے 108 فیصل آباد سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی کو مسترد کرنے کے فیصلے کو کالعد م قرار دے دیا ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس شاہد وحید نے دو صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا۔
یہ بھی پڑھیے
انسداد دہشتگردی کی عدالت نے عمران خان کی ضمانت منظور کرلی
ہائی کورٹ کے جج شاہد وحید نےاپنے فیصلے میں کہا کہ ریٹرنگ افسر کو عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا قانونی اختیار نہیں تھا۔ اگر کوئی امیدوار آر او کے سامنے غلط ڈیکلریشن دیتا ہے تو محض اس بنیاد پر الیکشن لڑنے سے روکا نہیں جاسکتا۔
عدالتی حکم میں کہا گیا کہ ریٹرننگ افسر کا عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ کالعدم قراردیا جاتا ہے۔ الیکشن کمیشن عمران خان کا نام فوری الیکشن لڑنے والے امیدواروں کی لسٹ میں شامل کرے۔
یاد رہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے108 فیصل آباد سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے ہی این اے 118 ننکانہ صاحب میں سابق وزیراعظم عمران خان کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے فیصلے کیخلاف اپیل مسترد کردی ہے ۔ الیکشن ٹربیونل نے تین صفات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔
فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ اپیل ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کی جاتی ہے۔عدالت محض الزامات اور متنازعہ معاملات پر کسی کو نا اہل قرار نہیں دے سکتی۔ عدالت اپنے اختیارات سے تجاوز نہیں کر سکتی ہے ۔
اپیل کنندہ نے موقف اختیار کیا کہ ریٹرننگ آفیسر نے حقائق کے برعکس کاغذات نامزدگی منظور کیے۔ عمران خان نے توشہ خانہ سے ملنے والے تحائف کو قومی اداروں سے چھپایا۔
واضح رہے کہ اپیل کنندہ نے عدالت سے استدعا کی کہ عمران خان کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کا اقدام کالعدم قرار دیا جائے ۔