نواز شریف وزیرخزانہ سے ناخوش ہونے کے دعوے پر خاموش، بھائی پر اظہار اعتماد
نواز شریف وزیراعظم شہباز شریف اور مفتاح اسماعیل کی کاکردگی سے قطعی غیرمطمئن ہیں، سینئر صحافی و تجزیہ سہیل وڑائچ کا سابق وزیراعظم سے ملاقات کے بعد دعویٰ

سینئرصحافی اور تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے انکشاف کیا ہے کہ نواز شریف وزیراعظم شہباز شریف اور مفتاح اسماعیل کی کاکردگی سے قطعی غیرمطمئن ہیں۔
قائد مسلم لیگ نے مفتاح اسماعیل سے نہ خوش ہونے کے دعوے پر خاموشی اختیار کرتے ہوئے شہباز شریف پر اظہار اعتماد کردیا۔
یہ بھی پڑھیے
عابد شیر علی نے مفتاح اسماعیل کو آئی ایم ایف سے نئے معاہدوں کا مشورہ دے دیا
فیصل واوڈا اداروں اور عمران خان کے درمیان فاصلے مٹانے کیلیے متحرک
لندن میں قائد مسلم لیگ ن نواز شریف سے ملاقات کے بعد جیونیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے سہیل وڑائچ نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف معاشی پالیسوں سے بالکل مطمئن نہیں اور وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی کارکردگی انہیں بالکل نہیں بھا رہی، انہوں نے بار بار کہا کہ میں نے تو پہلے ہی کہا تھا کہ حکومت نہ لیں اور الیکشن کی طرف جائیں۔
سہیل وڑائچ نے بتایا کہ ایسا لگتا ہے کہ نواز شریف نے ذہن بنالیا ہےکہ اگر کوئی معاشی پالیسی وہ چاہتے ہیں تو وہ اسحاق ڈار ہی کے ذریعے ہوگی، وہ مفتاح اسماعیل پر اعتماد نہیں کررہے اور سمجھتے ہیں کہ وزیرخزانہ کو معاشی پالیسیوں کا اتنا علم نہیں۔
سہیل وڑائچ کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے بارہا مجھ سے کہا کہ آپ جا کر شہباز شریف سے ملیں اور انہیں کہیں کہ وہ معاشی پالیسیوں پر غور کریں، شہباز شریف کو چاہیےکہ وہ معاشی پالسیوں کے حوالے سے خود عوام کو اعتماد میں لیں۔
عمران خان خطرے میں ہیں مگر ابھی بھی معاملات کیسے بہتر کرسکتے ہیں؟ دیکھیے سینئر صحافی سہیل وڑائچ کا تجزیہ
— Shahzeb Khanzada (@shazbkhanzdaGEO) August 25, 2022
سہیل وڑائچ کا کہنا تھا کہ لندن میں یہ سوچ پروان چڑھ رہی ہےکہ جیل جائے بغیر مقدمات کا سامنا کیا جائے، جیل جانا کوئی اچھی حکمت عملی نہیں، جب جیل کا معاملہ ختم ہوجائے تو واپس آیا جائے، وہ محسوس کررہے ہیں کہ حکومت ان کی پارٹی کی ہے، عدالت ان کے کیسز نہیں سن رہی، حکومت تو چل رہی ہے لیکن ان کے معاملات جوں کے توں ہیں، نوا ز شریف سمجھتے ہیں کہ اگر وہ پاکستان آگئے تو وہ عمران خان کا مقابلہ کرنے کا بیانہ بنالیں گے، پر ان کے آنے کی کوئی حتمی تاریخ طے نہیں۔
مریم نواز کے حوالے سے سہیل وڑائچ کا کہنا تھا کہ مریم سے وہ بہت مطمئن ہیں، وہ خوش ہیں کہ جو میں کہتا ہوں مریم وہ کرتی ہیں۔سہیل وڑائچ کے مطابق نواز شریف اور مریم ایک پیج پر ہیں اور شہباز شریف اور حکومت الگ پیج پر ہیں۔
The negative comments attributed to me about PM Shahbaz Sharif are misleading and incorrect. I remain hopeful that the sincere and tireless efforts by SS under the most challenging circumstances will bear fruit and he will steer the country out of the mess created by Imran Khan.
— Nawaz Sharif (@NawazSharifMNS) August 25, 2022
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے بارے میں مجھ سے منسوب بیانات غلط اور گمراہ کن ہیں۔ نواز شریف کا کہنا ہے امید ہےکہ انتہائی مشکل حالات میں شہباز شریف کی انتھک کاوشیں رنگ لائیں گی اور شہباز شریف ملک کو عمران خان کے پیدا کردہ بحران سے نکالیں گے۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف نے تردیدی بیان جاری کرکے سہیل وڑائچ کے اس دعوے کی تو تصدیق کردی ہے کہ وہ وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کی کارکردگی سے قطعی غیر مطمئن ہیں۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ نوازشریف نے سہیل وڑائچ کی جانب سے بیان کردہ شہبازشریف سے متعلق اپنے خیالات کی تو تردید کردی اور شہبازشریف کی کاوشوں کو سراہا لیکن انہوں نے مفتاح اسماعیل کا نام تک لینا گوارا نہیں کیا ، اس بات کا یہی مطلب لیا جاسکتا ہے کہ میاں نوازشریف مفتاح اسماعیل کی کارکردگی سے قطعی خوش نہیں ہیں۔









