سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک بحریہ کا ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری 

پاک بحریہ مصیبت زدہ ہم وطنوں کی بحالی تک ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔

کراچی: پاکستان نیوی کا ساحلی اور کریکس کے علاقوں میں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے جبکہ سندھ حکومت کی خصوصی درخواست پر پاک بحریہ نے امدادی آپریشنز کا دائرہ کار سانگھڑ، قمبر شہداد کوٹ، سکھر، بکرانی، لاڑکانہ، میرپور خاص اور دادو کے مختلف علاقوں تک بڑھا دیا ہے۔

پاک بحریہ کے اہلکاروں نے سیلاب زدہ علاقوں سے گھروں میں پھنسے مقامی لوگوں کو ریسکیو کیا اور ہیلی کاپٹر اور کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔

یہ بھی پڑھیے

سوات میں پاک فوج کا ریسکیو آپریشن جاری، 110 افراد محفوظ مقامات پر منتقل

پرویز خٹک کی تعمیر کی گئی حفاظی دیوار نے نوشہرہ کو بڑے نقصان سے بچا لیا

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ضلع دادو کے گاؤں گوٹھ محمد حسن چانڈیو کے تمام رہائشی جو سیلابی پانی کے باعث محصور تھے انہیں سی کنگ ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو کر کے محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا۔

6 فٹ تک پانی اور زمینی رابطہ منقطع ہونے کے باعث متاثرہ افراد نے گھروں کی چھتوں پر پناہ لے رکھی تھی۔

پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق مختلف علاقوں میں پاک بحریہ کے دستوں نے زمینی اور فضائی ذرائع سے خشک راشن، پکا ہوا کھانا، پینے کا صاف پانی، خیمے اور دیگر گھریلو اشیاء متاثرہ لوگوں اور بالخصوص گھروں میں محصور افراد میں تقسیم کیں۔

مزید برآں، پاک بحریہ کی جانب سے قائم کیے گئے میڈیکل کیمپس بھی ان علاقوں میں متاثرہ عوام کو ابتدائی طبی امداد اور مفت طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

پاک بحریہ مصیبت زدہ ہم وطنوں کی بحالی تک ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔

متعلقہ تحاریر