پاک فوج کا فلڈ ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری، آرمی چیف کا دورہ سوات

جنرل قمر جاوید باجوہ نے سوات میں مقامی باشندوں ، بزرگوں اور سیاحوں سے ملاقات کی اور حالات سے آگاہی حاصل کی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے لیے سوات پہنچ گئے، جہاں انہوں نے سیلاب سے متاثرہ مقامی باشندوں اور سیاحوں سے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کمراٹ، کالام اور گردونواح میں پھنسے افراد کے انخلا کا جائزہ لینے کے علاوہ علاقے میں جاری امدادی کارروائیوں سے متعلق آگاہی حاصل کی۔

یہ بھی پڑھیے

اقوام متحدہ نے پاکستان کے سیلاب زدگان کے لیے 16 کروڑ ڈالر امداد کی اپیل کردی

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے ہیلی کاپٹروں کے ذریعے پھنسے ہوئے افراد اور سیاحوں کو کانجو کینٹ سوات منتقل کیا جا رہا ہے جہاں انہیں ضروری طبی اور دیگر امداد فراہم کی جا رہی ہے جب کہ انہیں آبائی علاقوں میں بھیجنے کا محفوظ انتظام بھی کیا جا رہا ہے۔

ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف کے لیے پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز 82 پروازیں کر چکے ہیں۔ جن میں 27 پروازوں سے 316 شہریوں کو ریسکیو کیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کی رپورٹ کے مطابق آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹرز نے 24 گھنٹوں کے دوران 23.753 ٹن راشن اور امدادی اشیا فراہم کیں۔ متاثرین سیلاب میں 3540 راشن پیکس اور 250 خیمے فراہم کیے گئے۔ پاک فوج کے 51 فری میڈیکل کیمپس میں 33025 مریضوں کو سہولیات فراہم کی گئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ترکیہ سے 7 فوجی طیارے امدادی سامان لے کر کراچی پہنچ گئے ہیں۔ متحدہ عرب امارات سے 3 فوجی طیارے نورخان ایئر بیس راولپنڈی پہنچ چکے ہیں۔

چین سے 2 طیارے 3000 خیمے لے کر آج کراچی پہنچیں گے جبکہ جاپان سے ترپالیں اور پناہ گاہیں آج کراچی پہنچیں گی۔

کینیڈا کی حکومت سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے 5 ملین امریکی ڈالر کی امداد کا اعلان کیا۔ برطانیہ نے 1.5 ملین پاؤنڈ دینے کا وعدہ کیا۔

آذربائیجان نے 2 ملین امریکی ڈالر کا اعلان کیا ہے۔ جبکہ امدادی سامان کے طیاروں میں خیمہ، ادویات اور کھانے پینے کی اشیا شامل ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آرمی فلڈ ریلیف کوآرڈی نیشن سینٹر ہیڈ کوارٹر آرمی ایئر ڈیفنس کمانڈ کے تحت کام کر رہا ہے۔ مرکز پاک فوج کی سطح پر شراکت داروں کے ساتھ  بچاؤ اور امدادی کاوشیں مربوط بنا رہا ہے۔ ریلیف آئٹمز اکٹھا کرنے کے لیے 217 پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔ اب تک آٹا، دال، چینی سمیت 123 ٹن خوراک، 5.9 ٹن خیمے، رضائیاں، کپڑے اکٹھے ہو چکے۔ سیلاب متاثرین کے لیے 0.15 ٹن ادویات، کپڑے، شمسی لائٹس، سلیپنگ بیگز بھی اکٹھے ہوئے۔

متعلقہ تحاریر