عمران خان کی دہشتگردی کا مقدمہ ختم کروانے کیلئےاسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست

عمران خان کے وکلاء نےاسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں استدعا کی ہے کہ حکومت نے غیر قانونی طورپردہشتگردی کا مقدمہ درج کیا ،عمران خان کے وکلاء نے کہا کہ عمران خان  نے پاکستان  کے لیے کرکٹ کا ورلڈ کپ جیتنے سمیت متعدد فلاحی کام کیے

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ ختم کرنے کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وکلاء شعیب شاہین ایڈوکیٹ اور فیصل چوہدری ایڈوکیٹ نے ہائیکورٹ میں دائردرخواست میں استدعا کی ہے کہ ان کے موکل کے خلاف حکومت نے غیر قانونی طور پر دہشتگردی کا مقدمہ درج کیا ہے  اسے خارج کیا جائے ۔

یہ بھی پڑھیے

عمران خان کی لائیو تقریر پر پابندی، اسلام آباد ہائی کورٹ سے پیمرا کا نوٹی فیکیشن معطل

عمران خان کے وکلا ء نے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ عمران خان نے کوئی ایسا کام نہیں کیا جس پر انکے خلاف دہشت گردی کی دفعات لگائی جائیں۔عمران خان کی جانب سے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ان کے خلاف مقدمہ  بدنیتی پر مبنی ہے۔

عمران خان کے وکلاء کی جانب سے موقف اختیارکیا گیا ہے کہ عمران خان نے پاکستان  کے لیے کرکٹ کا ورلڈ کپ جیتا۔ ملک میں فلاحی کام کیے، اسپتال اور یونیورسٹی بنائی ۔ کورونا وبا سے موثر انداز میں نمٹنےاور امریکا افغان مذاکرات میں تعاون سمیت ملک کی بہتری کے لئے بہت سے اقدامات کئے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں یہ موقف  بھی اختیار کیا کہ وہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوچکے ہیں ،جس پر عدالت نے ان کی عبوری ضمانت منظور کی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں عمران خان نے نے کہا کہ ان کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ غیر قانونی قراردیا جائے جب کہ مقدمہ کے فیصلے تک تفتیش کا عمل اور پولیس کو کسی بھی کارروائی سے روکا جائے۔

متعلقہ تحاریر