عالمی برادری سے 131 ارب روپے وصول ، سیلاب متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیے سیکریٹری جنرل کا دورہ طے
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اگلے ہفتے پاکستان کا دورہ کررہے ہیں۔
بلاول کی کامیاب سفارت کاری، پاکستان نے اقوام متحدہ کے تعاون سے اب تک مجموعی طور پر 131 ارب روپے کی نقد امداد حاصل کرلی ، جبکہ اظہار یکجہتی کے لیے یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اگلے ہفتے پاکستان کے دورے پر آرہے ہیں۔
سیلاب کے متاثرین کو خوراک، خیمے اور ادویات کی فراہمی کے لیے پاکستان کی پکار پر عالمی برادری متحرک ہوگئی ہے اور پاکستان کو عالمی تعاون حاصل ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
کیا وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے سیلابی عطیات اور عمران خان کی فنڈ ریزنگ کا موازنہ ممکن ہے؟
سکھر بیراج میں پانی سطح میں مسلسل اضافےسے سینکڑوں گاؤں زیر آب، ہزاروں افراد محصور
اب تک جمع کی گئی تفصیلات کے مطابق ورلڈ بینک نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے 82 ارب روپے سے زائد کی امداد دی ہے۔
اقوام متحدہ نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے ساڑھے 35 ارب روپے کی امداد دی ہے۔
امریکا نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے 6.5 ارب روپے سے زائد کی امداد فراہم کی ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے 5.5 ارب روپے کی امداد فراہم کی ہے۔
یو ایس اے آئی ڈی نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے 24 کروڑ 42 لاکھ روپے کی امداد دی ہے۔
چین کے ترقیاتی ادارے نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے چھ کروڑ 66 لاکھ روپے کی امداد دی۔
تفصیلات کے مطابق یورپی یونین نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے 30 کروڑ روپے کی امداد فراہم کی ہے۔
برطانیہ نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے 33 کروڑ 30 لاکھ روپے کی امداد دی ہے۔
یونیسف، عالمی ادارہ صحت، یونائیٹڈ نیشن پاپولیشن فنڈ نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے 66 کروڑ 60 لاکھ روپے کی امداد دی ہے۔
پاکستان کو اقوام متحدہ، ترکیہ، جاپان اور چین نے ٹینٹ، ادویات، تعمیر نو کے لئے معانت سمیت دیگر معاملات میں بھی امداد کی یقین دہانی کرادی۔ ترکیہ سے امدادی سامان کے 6 جہاز پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ مزید امداد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
واضح رہے کہ حکومت پاکستان اور اقوام متحدہ کی کوششوں سے گزشتہ پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے عالمی سطح پر امداد کے دروازے کھل گئے ہیں جبکہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سیلاب متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے اگلے ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق نیویارک میں ایک بریفنگ کے دوران اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے بتایا ہے کہ سیکرٹری جنرل اپنے دورے کے دوران پاکستان کے ان علاقوں میں جائیں گے جو غیر معمولی موسمیاتی تباہی سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔
ترجمان نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس بے گھر خاندانوں سے بھی ملاقات کریں گے۔
ترجمان امور خارجہ عاصم افتخار احمد نے اس دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے دورے سے ہونے والی تباہی کو اجاگر کرنے میں اجتماعی کوششوں کو مزید تقویت ملے گی۔