عمران خان سنگین بہتان تراشی کرکے عوام کو فوج سے لڑانا چاہتے ہیں، حکومتی اتحاد

وفاقی حکومت میں شامل جماعتوں کا کہنا ہے سازشی عناصر سے آئین اور قانون کے مطابق نمٹا جائے گا اور ان کے پاکستان کو کمزور کرنے کے ہر مذموم ایجنڈے کو ناکام بنایا جائے گا۔

حکومت میں شامل جماعتوں نے افواج پاکستان اور اس کی قیادت کے خلاف نفرت پھیلانے اور متنازع بنانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان مسلح افواج سمیت قومی اداروں اور عوام سے لڑانا چاہتے ہیں۔

حکومتی اتحادی جماعتوں کا مشترکہ بیان میں کہنا تھاکہ عمران خان کی جانب سے آرمی چیف کی تعیناتی کو متنازع بنانے  کا بیان انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ جس کا عمران خان کی جانب سے مقصد عوام کو فوج سے لڑانا اور پاکستان کو سری لنکا بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

پی ڈی ایم اے سندھ نے سیلاب سے تباہی کے اعداد و شمار جاری کردیئے

آرمی چیف کی تقرری سے متعلق عمران خان کے بیان پر پاک فوج کا شدید ردعمل

اتحادی جماعتوں نے اعلان کیا کہ  قومی مفادات کے تحفظ، معیشت کی بحالی، مسلح افواج سمیت قومی اداروں اور ان کی قیادت کے آئینی احترام اور حدود کی پاس داری اور عوام بالخصوص سیلاب زدگان کی امداد، بحالی اور ریلیف کے عمل کو ہرگز متاثر نہیں ہونے دیں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ سازشی عناصر سے آئین اور قانون کے مطابق نمٹا جائے گا اور ان کے پاکستان کو کمزور کرنے کے ہر مذموم ایجنڈے کو ناکام بنایا جائے گا۔

حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں نے کہا کہ آج ساری قوم دہشت گردی سے نجات، معاشی استحکام، سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کے ایجنڈے پر متحد  ہے، ایسے میں ایک شخص ہر روز قومی اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کے لیے جھوٹ، پراپیگنڈے اور بہتان تراشی کے ذریعے مسلسل نفرت پھیلا رہا ہے۔

اتحادی جماعتوں کا مشترکہ بیان میں کہنا تھا کہ ہم عمران خان کی مذموم سازشوں کو آئین اور قانون کی طاقت سے ناکام بنائیں گے اور سازشیوں سے آئین اور قانون کے مطابق نمٹیں گے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ عمران خان سنگین بہتان تراشی کررہے ہیں جس کا مقصد عوام کو فوج سے لڑانا ہے اور فوج کے ’رینک اینڈ فائل‘ میں تصادم کی راہ ہموار کرنا ہے۔وہ معاشی بحالی کے عمل کو متاثر کرکے پاکستان کو سری لنکا بنانا چاہتے ہیں۔

حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں نے مشترکہ بیان میں کہا کہ  پاکستان کو کسی فرد واحد کے تکبر، فسطائیت اور آمرانہ رویوں کا غلام بنانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، یہ ملک آئین کے مطابق چلے گا،  وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں اور اداروں کے ساتھ مل کر مسلح افواج، ملک میں سیلاب متاثرین کی مدد کی قابل قدر خدمات انجام دے رہی ہیں جبکہ دوسری جانب دہشت گردی کے خلاف جرأت و بہادری اور دلیری سے جنگ لڑرہی ہیں جس میں فوج کے افسر اور جوان جام شہادت نوش کررہے ہیں۔

متعلقہ تحاریر