امریکا کی پاکستان کیلئے450 ملین ڈالر کے ایف 16 فلیٹ پروگرام کی منظوری

ایف 16 فلیٹ پروگرام کے تحت امریکی حکومت اور کنٹریکٹر کمپنی پاکستان کے ایف 16جنگی طیاروں کو انجینئرنگ، ٹیکنیکل اور لاجسٹکس سروسز  اوردیگر کئی معاملات پرمعاونت فراہم کی جائیں گی، پاکستان کا F-16 پروگرام امریکہ اور پاکستان کے وسیع تر دوطرفہ تعلقات کا ایک اہم حصہ ہے

امریکا نے پاکستان کے لیے450 ملین ڈالر کے ایف 16 فلیٹ پروگرام کی منظوری دے دی۔ جو بائیڈن انتظامیہ اپنے پیشرو کے فیصلے کو تبدیل کرتے ہوئے پاکستان کے لیے 450 ملین امریکی ڈالر کے ایف 16  لڑاکا جیٹ فلیٹ کے تحفظ کے پروگرام کی منظوری دے دی ہے۔

پینٹاگون کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے اسلام آباد  کو ایف 16 جنگی طیاروں کی دیکھ بھال کیلئے سازو سامان کی فراہمی کیلئے 450 ملین ڈالر کی منظوری دی ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکا نے اس معاہدے کا کانٹریکٹ لاک ہیڈمارٹن نامی کمپنی کو دیا ہے ۔

یہ بھی پڑھیے

برطانوی فضائیہ پاکستانی اڈوں کے ذریعے یوکرین کو دفاعی امداد فراہم کررہی ہے؟

امریکی وزارت خارجہ کے محکمہ برائے سیاسی و عسکری معاملات نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پرپاکستان کے لیے 450 ملین امریکی ڈالر کے ایف 16  لڑاکا جیٹ فلیٹ کے تحفظ کے پروگرام کی منظوری کی تصدیق کی ہے۔

پینٹاگون نے کہا کہ یہ مجوزہ فروخت امریکہ کی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کے مقاصد کی حمایت کرے گی جس سے پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں اور مستقبل کی ہنگامی کارروائیوں کی تیاری میں امریکہ اور شراکت دار افواج کے ساتھ باہمی تعاون کو برقرار رکھنے کی اجازت ملے گی۔

ایف16 فلیٹ پروگرام کے تحت امریکی حکومت اور کنٹریکٹر کمپنی پاکستان کے ایف 16 جنگی طیاروں کو انجینئرنگ، ٹیکنیکل اور لاجسٹکس سروسز  اور دیگر کئی معاملات پر معاونت فراہم کی جائیں گی ۔

محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان انسداد دہشت گردی کا ایک اہم پارٹنر ہے۔ پاکستان کا F-16 پروگرام امریکہ اور پاکستان کے وسیع تر دوطرفہ تعلقات کا ایک اہم حصہ ہے۔

امریکی ترجمان کا کہنا تھا کہ  پاکستان کی دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران ایف 16 کے استعمال کی اجازت دیتا ہے تاہم امید ہے کہ تمام دہشتگرد گروپوں کے خلاف مستقل کارروائی کرے گا۔

امریکی کانگریس کے نوٹیفکیشن کے مطابق اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے 450 ملین ڈالر کے ایف 16 فلیٹ پروگرام کی منظوری سے اسلام آباد کو دہشتگردی کے خلاف جنگ اورسلامتی کی صورتحال کو برقرار رکھنے میں مدد گار ثابت ہوگی ۔

واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے ایف 16 طیاروں کی اسسٹینمنٹ اور سپورٹ پروگرام کیلئے امریکی حکومت سے یہ مطالبہ کیا گیا تھا جبکہ اس سے قبل امریکہ نے ایف 16 طیاروں کے لیے ساڑھے 12 کروڑ ڈالر امداد کی منظوری دی تھی۔

یاد رہے کہ 2018 میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طالبان اور حقانی نیٹ ورک  کے خلاف کارروائی میں ناکامی پر  پاکستان کو 2 ارب ڈالر کی سیکیورٹی امداد روک دی تھی تاہم اب  4 سال بعد  پہلی بڑی سیکیورٹی امداد فراہم کی جارہی ہے ۔

متعلقہ تحاریر