بابائے قوم محمد علی جناح کی 74ویں برسی پر رہنماؤں کا شاندار خراج عقیدت

قائد اعظم محمد علی جناح قیام پاکستان کے ایک سال بعد 11 ستمبر 1948ء میں اس جہان فانی سے رخصت فرما گئے تھے۔

بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی 74 ویں برسی آج عقیدت واحترام سے منائی جا رہی ہے۔ قیام پاکستان کے ایک سال بعد قوم عظیم قائد سے محروم ہوگئی تھی۔

پاکستان کے بانی اور ہردل عزیز رہنما قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں برصغیر کے کروڑوں مسلمانوں کی کوششوں سے غلامی کی زنجیریں ٹوٹ گئی تھیں اور اسلامی جمہوریہ پاکستان معرض وجود میں آیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں: جی ڈی پی کی شرح 5 سے کم ہوکر 3 فیصد تک ہوسکتی ہے

پاکستان ریلوے کا مسافروں کی سہولت کیلئے10 نئی ٹرین چلانے کا اعلان

قائد اعظم قیامِ پاکستان کے بعد 11 ستمبر 1948 کو اپنی وفات تک ملک کے پہلے گورنر جنرل رہے۔

قائداعظم کے یوم وفات کے موقع پر ملک بھر میں نماز فجر کے موقع پر قائد اعظم محمد علی جناح کے لئے مغفرت کی دعائیں کی گئیں۔

مختلف شہروں میں منعقدہ تقریبات میں بانی پاکستان کو بھرپور خراج عقیدت بھی پیش کیا جارہا ہے۔ بانی پاکستانی کی برسی کے موقع پر وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے مزار قائد پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

برصغیر کے مسلمانوں کیلئے علیحدہ وطن کے حصول کی جدوجہد میں محمد علی جناحؒ کے قائدانہ کردار کو اجاگر کرنے کیلئے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر خصوصی پروگراموں اور قومی و علاقائی اخبارات میں خصوصی اشاعتوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔

قائد اعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے لندن جاکے تعلیم حاصل کی اور برصغیر کے نامور وکیل اور سیاستدان بن گئے، انہوں نے 1913 میں آل انڈیا مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی اور مسلمانوں کےلئے ایک الگ وطن کے حصول کی جدوجہد شروع کردی۔

وہ قیام پاکستان کے ایک سال بعد 11 ستمبر 1948ءمیں انتقال کر گئے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قائد اعظم کے یوم وفات پر ایک بیان میں کہا کہ ہم بحیثیت قوم ایک مرتبہ پھر اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان کو مثالی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمودات کے مطابق اتحاد ایمان اور نظم و ضبط کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہوں گے۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے یومِ وفات پر پیغام میں کہا کہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح نے تدبر، فراست ، غیر متزلزل عزم، سیاسی بصیرت اور بے مثال  قائدانہ صفات سے کام لے کر مسلمانوں کو متحد کیا اور سات برس کی مختصر مدت میں پاکستان کے قیام کو ممکن بنایا۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کا قائد اعظم محمد علی جناح کی 74 ویں برسی کے موقع پر پیغام میں کہنا تھاکہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ہمیں قائد کے رہنما اصولوں کو اپنانا ہو گا، قائد اعظم نے ہر مشکل کا مستقل مزاجی اور جواں مردی سے مقابلہ کیا،وہ ہمیشہ اپنے اصولوں پر قائم رہے۔

اسپیکرقومی اسمبلی نے کہا کہ قائد اعظم کے رہنما اصولوں ایمان ،اتحاد اور نظم و ضبط پر چل کر ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ تحاریر