سیلاب زدگان میں امدادکی تقسیم وترسیل میں شفافیت کیلئے ڈیجیٹل فلڈ ڈیش بورڈ قائم
وفاقی وزیراحسن اقبال نے ڈیجیٹل فلڈ ڈیش بورڈ کاافتتاح کیا ہے جس کا مقصد سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کی کوششوں میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے، ڈیش بورڈ پر ملکی و غیر ملکی امداد کے حوالے سے مکمل ڈیٹا موجود ہوگا جبکہ عالمی شہرت یافتہ کمپنی سے آڈٹ بھی کروایا جائے گا
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر سیلاب زدگان میں امدادکی تقسیم وترسیل میں شفافیت کے لیے ڈیجیٹل فلڈ ڈیش بورڈ قائم کر دیا گیا ہے ۔
وفاقی وزیراحسن اقبال نے ڈیجیٹل فلڈ ڈیش بورڈ کاافتتاح کردیا ہے۔ ڈیجیٹل فلڈ ڈیش بورڈ کا مقصد سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کی کوششوں میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
سیلاب زدہ علاقوں میں صورتحال مزید خراب ہونے کاخدشہ ہے، عالمی ادارہ صحت
ڈیجیٹل فلڈ ڈیش بورڈپر عوام کو امدادی سامان کی وصولی، تقسیم اور ترسیل کی معلومات ہوں گی جبکہ عوام سیلاب متاثرین کے لیے عالمی، وفاقی و صوبائی سطح پر آئی رقوم اور سامان سے متعلق جان سکیں گے۔
ڈیش بورڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر شروع کیے گئے ڈیش بورڈ کے ذریعے سیلاب متاثرین سے متعلق جمع ہونے والی امداد کے بارے میں معلومات فراہم کی جائے گی ۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیش بورڈ پر ملکی و غیرملکی امداد کے حوالے سے مکمل ڈیٹا موجود ہوگا جبکہ امداد کا نہ صرف اے جی پی آر بلکہ دنیا کی صف اول کی کمپنی سے آڈٹ کرایا جائےگا۔
لیگی رہنما نے بتایا کہ حالیہ سیلاب سے تقریباً ساڑھے تین کروڑ افراد متاثر ہوئے ہیں اور اس کے ہونے والے نقصانات کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جارہا ہے ۔
یہ بھی پڑھیے
یواین سیکرٹری جنرل کاوزیراعظم اور وزیرخارجہ کے ہمراہ سیلاب متاثرہ علاقوں کادورہ
واضح رہے کہ رواں ماہ کی 3 تاریخ کو قومی سطح پر نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر کے قیام کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 13 رکنی نیشنل فلڈ ریسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر کے چیئرمین وزیراعظم خود ہونگے جبکہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کو ڈپٹی چیئرمین مقرر کی گیاتھا ۔
نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر میں کمانڈر آرمی ایئر ڈیفنس کمانڈ نیشنل کوآرڈینٹر، چیئرمین این ڈی ایم اے اور دیگر افراد کو شامل کیا گیا ہے ۔