وفاقی کابینہ کا سیلاب زدہ علاقوں میں چھٹی والے دن بھی بینک کھلے رکھنے کا فیصلہ

وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ادویات کی قیمتیں نہ بڑھانے اور شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے ساتھ زرعی شعبے میں معاہدے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں چھٹی والے دن بھی بینک کھلے رہیں گے، کابینہ نے حجاج کو اضافی رقم واپس کرنے کی منظوری دے دی جبکہ ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مستری کردی۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا جس میں اہم فیصلے کئے گئے۔

اجلاس کے بعد جاری کئے گئے اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزیر اعظم نے اسٹیٹ بینک کو ہدایت کی ہے کہ سیلاب زدہ علاقوں میں چھٹی والے دن بھی بینک کام کریں۔

وفاقی کابینہ میں  وزارت صحت کی جانب سے سمری پیش کی گئی جس میں دس ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز دی گئی تھی کابینہ نے ادویات کی قیمتیں بڑھانے کی سمری مسترد کردی۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ وہ ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی قطعی حمایت نہیں کرتے۔

اجلاس میں حکومتی کوٹے پر عازمین حج کی زائد بکنگ کے معاملے کی تحقیقاتی رپورٹ پر بحث ہوئی، کمیٹی میں وزارتِ خزانہ، وزارتِ مذہبی امور اور اسٹیٹ بینک کے نمائندے شامل تھے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اوور بکنگ کے معاملے میں مفاہمت کے مسائل تھے، کسی قسم کی بدنیتی کے ثبوت نہیں ملے، بینکوں کی طرف سے حجاج کو معاوضے کی رقم ادا کر دی گئی ہے۔

کابینہ نے کہا کہ بینکوں سے یہ ضرور دریافت کیا جائے کہ اُنہوں نے لاپرواہی کیوں برتی۔

اعلامیے کے مطابق کابینہ اجلاس میں وزارتِ داخلہ کی جانب سے سمری پیش کی گئی جس میں کہا گیا کہ جن ممالک سے قانونی مدد کا معاہدہ نہیں، انکی مشترکہ قانونی مدد کی درخواستیں قبول کی جائے۔ کابینہ نے اس سمری کی منظوری دے دی۔

اعلامیے کے مطابق کابینہ نے الیکٹرک پنکھوں کے لیے کم از کم انرجی پرفارمنس اسٹینڈرڈز کی معیاد میں 30 جون 2023 تک توسیع کردی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ 30 جون سے پہلے کم از کم انرجی پرفارمنس اسٹینڈرڈز بہتر کوالٹی پر لانے کی کوشش کی جائے۔

وفاقی کابینہ نے وزیراعظم کے دورہ ازبکستان سے قبل شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے ساتھ زرعی شعبے میں معاہدے کرنے کا فیصلہ کیا ، اس بارے میں کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے سمری کی منظوری لے لی گئی۔

اس حوالے سے  معاہدے پر وزیراعظم کے دورہ ازبکستان کے دوران دستخط کئے جائیں گے ، شنگھائی تعاون تنظیم رکن ممالک کا اجلاس 15 اور 16 ستمبر کو ازبکستان میں ہو گا۔

متعلقہ تحاریر