عمران خان کی تقاریر براہ راست نشر کرنے پر اے آر وائے اور بول نیوز پر دوبارہ پابندی
پاکستان الیکٹرونک میڈیا اینڈ ریگیولیٹری اتھارٹی نے تاخیری نظام پرعملدرآمد نہ کرنے پر اے آر وائے اور بول نیوز کی نشریات 3 روزکیلئے معطل کردیں، اعلامیہ میں کہا گیا کہ دونوں چینلز عدالتی احکامات اور پیمرا قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر سزا پر سامنا کررہے ہیں جبکہ دونوں چینلز کے سی ای اوز اظہار وجوہ کے نوٹس کے باجود اتھارٹی کے سامنے پیش نہیں ہوئے

پاکستان الیکٹرونک میڈیا اینڈ ریگیولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی براہ راست تقاریر نشر کرنے پر اے آر وائے اور بول نیوز کی نشریات 3 روز کیلئے معطل کردیں ہیں ۔
پاکستان الیکٹرونک میڈیا اینڈ ریگیولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے اعلامیہ کے مطابق عدالتی ہدایات کے تحت تاخیری نظام (Delay System) عمل نہ کرنے پر اے آر وائے اور بول نیوز کی نشریات پر تین روز کیلئے پابندی عائد کردی ہے ۔
یہ بھی پڑھیے
اسلام آباد پولیس کی کراچی میں نجی چینل کے ملازمین کی گرفتاری کیلئے کارروائیاں
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دونوں نیوز چینل نے بغیر تاخیری نظام کے اپنی نشریات جاری رکھی ہوئیں تھیں جس کے باعث اتھارٹی نے دونوں ٹی وی چینلز کی نشریات اگلے 3 روز کیلئے معطل کردیں ہیں۔

پیمرا حکام کے مطابق تمام ٹی وی چینلز کو5 ستمبر کو ہدایات جاری کیں تھیں کہ ریاستی اداروں کے خلاف کوئی بھی مواد نشر ہوا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی جبکہ تاخیری نظام پر عمل در آمد کا بھی کیا گیا تھا ۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ نشریاتی اداروں کو5 ستمبر کے احکامات کا مقصد عدالتی احکامات اور پیمرا کے قوانین پر عملدرآمد کروانا تھا جبکہ تمام چینلز کو تاخیری نظام اور ایڈیٹوریل بورڈ کے حوالے سے اتھارٹی کو آگاہ کرنا تھا۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ واضح عدالتی ہدایات کے با وجود دنوں چینلزنے قوانین اورعدالت کے فیصلوں کے بر خلاف عمل کررہے تھے جس پر دونوں چینلز کی نشریات 3 روز کے لیے معطل کردی گئیں ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
عمران خان کی براہ راست تقاریر پر پابندی سے متعلق پیمرا کا نوٹی فکیشن کالعدم
پاکستان الیکٹرونک میڈیا اینڈ ریگیولیٹری اتھارٹی کے حکام کے مطابق دونوں چینلزکی انتظامیہ کو اظہار وجوہ کے نوٹسز جاری کرکے چیف ایگزیکٹیو افسران کو طلب کیا گیا تاہم انہوں نے صرف تحریری جواب جمع کروایا ۔
اتھارٹی نے دونوں چینلز کے سی ای اوز کی عدم حاضری اور معاملے پر سنگینی کو دیکھتے ہوئے نے دونوں چینلز کی نشریات 3 یوم کے لیے معطل کی ہے۔ کیبل اور ڈسٹری بیوشن نیٹ ورکس کو احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔









