جیو نیوز کےنامہ نگار علی عمران سید لاپتہ
بارہ گھنٹے سے زائدگزرنے کے باوجود علی عمران کو تلاش نہیں کیا جاسکا اور سندھ حکومت نے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے

پاکستان کے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے نامہ نگار علی عمران سید 12 گھنٹے سے زیادہ وقت گزرنے کے باوجود بھی لاپتہ ہیں۔ حکومت سندھ کے ترجمان نے تحقیقات شروع کیے جانے کا اعلان کیا ہے۔
جیو نیوز کے مطابق علی عمران کے اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ علی عمران سید کی گمشدگی سے متعلق کراچی پولیس چیف اور ڈی آئی جی ایسٹ کو آگاہ کردیا گیا ہے جبکہ سچل تھانے میں درخواست بھی جمع کروادی گئی ہے۔
اُن کے بھائی طالب رضوی کے مطابق گزشتہ شام 7 سے 8 کے درمیان علی عمران گھر سے نکلے تھے اور تب سے ہی لاپتہ ہیں۔ وہ سچل کے علاقے میں واقع گھر سے قریبی بیکری گئے تھے مگر واپس نہیں آئے۔
سچل تھانے کے ایس ایچ او ہارون کورائی کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں اس طرح کا واقعہ پہلے کبھی پیش نہیں آیا۔ واقعے کی درخواست موصول ہوگئی ہے اور شواہد اکٹھے کر کے کیس کو حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
علی عمران کے لاپتہ ہونے کے 12گھنٹے بعد پہلی مرتبہ سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کا ٹوئٹر پیغام سامنے آیا جس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔ معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ انشاءاللہ علی عمران کو جلد بازیاب کروالیا جائے گا۔
CM Sindh has taken notice & spoken to IG Sindh. The matter is being investigated. Will keep u informed about the progress. Insha’Allah all efforts will be made for his recovery https://t.co/b6egpNuiRj
— Murtaza Wahab Siddiqui (@murtazawahab1) October 24, 2020
اُدھر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے علی عمران کی گمشدگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ خرم شیر زمان نے آئی جی پولیس اور ڈی جی رینجرز سے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ علی عمران سید کی گمشدگی کا فوری پتہ لگایا جائے اور فوری تلاش شروع کی جائے۔
Disappearance of Syed Ali Imran an outstanding and very hardworking Geo News reporter is a matter of extreme concern and shock. The police should recover him without further delay and the Sindh Govt must break its silence on this horrific incident. pic.twitter.com/oC2BZUHgzv
— Kamran Khan (@AajKamranKhan) October 24, 2020
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ریاست کے شہری کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے۔
سینیئر صحافی و تجزیہ کار کامران خان نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ سندھ حکومت کو اس معاملے پر خاموشی توڑنی چاہیے اور پولیس کو بغیر کسی تاخیر کے علی عمران سید کی بازیابی کی کوشش کرنی چاہیے۔