آصف زرداری روبہ صحت ہونے کے بعد سیلاب متاثرین سے ملاقات کریں گے ؟
سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کو صحت یابی کے بعد اسپتال سے بلاول ہاؤس منتقل کردیا گیا ہے، سیلاب متاثرین نے پیپلزپارٹی کی مرکزی قیادت سے گلے شکوے کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری کو بیرون ملک سے ڈاکٹرز چیک کرنے آرہے ہیں جبکہ ہمیں سادہ سی گولی بھی میسر نہیں ہے
پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو روبہ صحت ہونے کے بعد کلفٹن میں واقع نجی اسپتال سے ان کے گھر منتقل کردیا گیا ہے ۔
سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کو صحت یابی کے بعد اسپتال سے کلفٹن میں واقع بلاول ہاؤس منتقل کردیا گیا ہے ۔ شریک چیئر مین پی پی کی سوشل میڈیا پر تصویر بھی وائرل ہوگئی ہے ۔
یہ بھی پڑھیے
سندھ میں سیلاب سے ہونے والے ڈسٹرکٹ وائز نقصانات کی تفصیلات نیوز 360 پر
پیپلز پارٹی کے رہنما اور آصف علی زرداری کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم حسین نے ان کی صحت یابی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہیں اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ وفاقی وزیر برائے خارجہ امور بلاول بھٹو زرداری کے والد آصف زرداری کو 27 ستمبر کو طبیعت خراب ہونے پر کلفٹن میں واقع نجی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا ۔
سابق صدر مملکت کو علاج کے لیے بیرون ملک منتقلی پر بھی غور کیا گیا تھا تاہم بعد میں ان کے طبی معائنے کے لیے متحدہ عرب امارات سے ڈاکٹرز کی ٹیمز پاکستان آئی تھی ۔
بیرون ملک سے آئی ٹیمز نے آصف زرداری کا مکمل طبی معائنہ کیا تھا جبکہ طبی عملے نے ان کی نجی اسپتال میں ہونے والے تمام ٹیسٹز کے معائنے بھی کیے تھے ۔
سابق صدرکے ذاتی معالج ڈاکٹرعاصم نے گزشتہ روز ان کی صحت سے متعلق خوشخبری سنائی کہ وہ مکمل صحت یاب ہیں اورگھر منتقل ہوگئے ہیں ۔
آصف علی زرداری کی صحت یابی کی خبر سے سیلاب متاثرین میں ایک امید سی جاگی ہے کہ شاید سابق صدر صحتیابی کے بعد ان کی صحت کے حولے سے اقدامات اٹھائیں گے ۔
یہ بھی پڑھیے
سندھ میں سیلاب متاثرین کو طبی امداد فراہم نہ کرنے والے ڈاکٹرز کو شوکاز نوٹسز جاری
سیلاب متاثرین نے پیپلزپارٹی کی مرکزی قیادت سے گلے شکوے کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری کو بیرون ملک سے ڈاکٹرز چیک کرنے آرہے ہیں جبکہ ہمیں سادہ سی گولی بھی میسر نہیں ہے ۔
حکومت سندھ سے مدد کی آس لیے سیلابی پانی میں ڈوبے بے گھر متاثرین نے امید ظاہر کی ہے کہ شاید آصف علی زرداری روبہ صحت ہونے کے بعد ہمارے حالات بھی دیکھنے آئیں گے ۔
سندھ کے سیلاب متاثرین کا کہنا ہے کہ آصف زرداری نے اپنے لیے بیرون ملک سے ڈاکٹرز بلا لیے تاہم ہمیں یہاں سرکاری ڈاکٹرز بھی میسر نہیں اور جو میسر ہے ان کا رویہ فرعون جیسا ہوتا ہے ۔
واضح رہے سندھ میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کے باعث اب تک سیکڑوں افراد جان کی بازی ہارچکے ہیں جبکہ لاکھوں کی تعداد میں مکانات سیلابی پانی میں بہہ چکے ہیں۔