پی پی کا اعتزاز احسن کی رکنیت معطل کرکے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی سے نکالنے کا فیصلہ
پاکستان پیپلز پارٹی نے اعتزاز احسن کے خلاف پارٹی قوانین کے تحت کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے، آصف زرداری کی ہدایت پربانی رہنما کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور پارٹی کی بنیادی رکنیت معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پی پی ارکان کا کہنا ہے کہ اعتزاز احسن ایک طویل عرصے سے عمران خان کی پُرفریب سیاست کا دفاع اور اپنی پارٹی کی مخالفت کررہے ہیں

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) نے اپنے رہنما اعتزازاحسن کے آرمی چیف کے خلاف بیان سے اظہار لا تعلقی کرتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے ۔
پاکستان پیپلزپارٹی نے اعتزازاحسن کے خلاف پارٹی قوانین کے تحت کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ پارٹی نے ان کے آرمی چیف مخالف بیان سے بھی بریت کااعلان کیا ہے ۔
یہ بھی پڑھیے
اعتزاز احسن نے کرپشن کیسز میں شریفوں کی بریت کو اسٹیبلشمنٹ کا کارنامہ قرار دے دیا
ذرائع کے مطابق پی پی نے بانی رکن اعتزاز احسن کے خلاف پارٹی قوانین کے تحت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے ۔ایگزیکٹو کمیٹی اپنی سفارشات پارٹی کے جنرل سیکرٹری کو بھجوائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی نے اعتزازاحسن کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور پارٹی کی بنیادی رکنیت معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سی ای سی اجلاس میں ان کے خلاف قرار داد کی پیش کی جائےگی ۔
اطلاعات کے مطابق اعتزازاحسن کے خلاف کارروائی پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی ہدایت پر کی جارہی ہے۔ انہیں ایگزیکٹو کمیٹی کی طرف سے شوکاز نوٹس بھی بھجوایا جائےگا۔
پی پی پی پنجاب کے قائم مقام صدر رانا فاروق سعید کے مطابق اعتزاز احسن تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے ساتھ ملکر جمہوریت کے خلاف سازش کررہے ہیں ۔
رانا فاروق سعید نےالزام عائد کیا کہ اعتزازاحسن ایک طویل عرصے سے عمران خان کی پُرفریب سیاست کا دفاع اوراپنی پارٹی کی مخالفت کررہے ہیں ۔
انہوں نے پارٹی سربراہ بلاول بھٹوزردری، شریک چیئرمین آصف زرداری اورسینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی سے مطالبہ کیا کہ اعتزازاحسن کی بنیادی رکنیت معطل کرکے انہیں سی ای سی سے نکالا جائے ۔