الیکشن کمیشن کا پنجاب حکومت کے خلاف سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کرنے کا عندیہ

چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ پنجاب میں دس ماہ سے  بلدیاتی حکومتیں نہیں ہیں، کوئی بھی حکومت بلدیاتی انتخابات کرانا نہیں چاہتی۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے خلاف بلدیاتی انتخابات نہ کرانے پر توہین عدالت ریفرنس سپریم کورٹ میں بھیجیں گے۔

سکندر سلطان راجہ کا کہنا ہے پنجاب حکومت سات روز میں بلدیاتی حکومت کا قانون بنائے، ورنہ سابق قانون کے تحت بلدیاتی انتخابات کرائیں گے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

یہ بھی پڑھیے

پی ٹی آئی نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف ریفرنس دائر کردیا

شاہ زیب قتل کیس: سپریم کورٹ سے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کی بریت کا حکم صادر

چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ پنجاب میں دس ماہ سے  بلدیاتی حکومتیں نہیں ہیں، کوئی بھی حکومت بلدیاتی انتخابات کرانا نہیں چاہتی۔

ان کا کہنا تھاکہ آج سپریم کورٹ کو ریفرنس بھیجا جارہا ہے کہ  پنجاب حکومت الیکشن نہیں کروا رہی اور وہ اس حوالے سے سپریم کورٹ کے احکامات پر بھی عمل نہیں کر رہی ، اس لئے ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروئی کی جائے۔

چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کو خط میں تحریر کررہے ہیں کہ پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی اور آئین و قانون کے علاؤہ سپریم کورٹ کے احکامات کی بھی خلاف ورزی کر رہی ہے۔

اس سے قبل سماعت میں اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ پنجاب میں بلدیاتی حکومتوں کی مدت 31 دسمبر 2021 کو مکمل ہوئی اور 14 اپریل 2022 کو الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کیا تاہم اس پر لاہور ہائی کورٹ نے حکم امتناع جاری کر دیا۔

ان کا کہنا تھاکہ پنجاب حکومت نے ابھی نئے بلدیاتی انتخابات کا آرڈیننس جاری کیا  ہے مگر یہ الیکشن کمیشن کو نہیں بھجوایا گیا۔ الیکشن کمیشن 2 مرتبہ پنجاب میں حلقہ بندی کروا چکا ہے،  اس پر ہونے والے اخراجات وصول کرنے کے علاؤہ پنجاب حکومت کے خلاف توہین کی بھی کارروائی کی جائے۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے بلدیاتی الیکشن کے لئے فنڈز فراہم نہیں کئے۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے ملاقات میں موقف اختیار کیا کہ پنجاب حکومت وفاق سے اس حوالے سے این ایف سی شیئر کا انتظار کررہی ہے۔

سکندر سلطان راجا نے مزید کہا کہ اب ہم پنجاب حکومت کے ساتھ مزید کوئی اجلاس نہیں کریں گے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پنجاب حکومت 7 روز میں بلدیاتی حکومت کا قانون بنائے، ورنہ صوبے میں سابقہ قانون پر بلدیاتی انتخابات کرائیں گے۔ مقدمہ کی سماعت جمعرات تک ملتوی کردی گئی۔

متعلقہ تحاریر