ملک میں گندم کے بحران کا خدشہ، وفاق اور پنجاب آمنے سامنے

وفاقی حکومت کا نجی شعبے کو گندم درآمد کرنے کی اجازت دینے سے انکار، وزیراعلیٰ پنجاب نے روٹی مہنگی ہونے کا ذمے دار وزیراعظم کو قرار دیدیا، 10لاکھ ٹن گندم کی فراہمی کیلیے وزیراعظم کو خط بھی لکھ دیا، 3 لاکھ ٹن گندم کی فوری فراہمی کا مطالبہ

ملک میں سیلاب کے پیش نظر گند م کے بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے 10 لاکھ ٹن گندم کی فراہمی کیلیے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر فوری طور پر 3 لاکھ ٹن گندم فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا۔

پنجاب حکومت نے وفاق سے گندم درآمد کرنے کی اجازت بھی مانگ  لی تاہم وزیراعظم نے نجی شعبے کو گندم کی درآمد کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

گندم کی پیداوار میں کمی ، شہباز شریف حکومت کےلیے دردسر بند گئی

حکومت کا 2لاکھ ٹن یوریا کھاد اور 30 لالکھ ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ

 ملک میں سیلاب کے بعد گندم کے بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا جس کے پیش نظر وفاقی حکومت نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں گندم کی بوائی کے لیے بیج کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔پنجاب اورخیبرپختونخوا کی حکومت نے وفاقی حکومت کا فیصلہ ماننے سے انکار کردیا ہے۔

دوسری جانب میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم شہباز شریف  نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب نے ہماری درخواست کے باوجود کہا کہ ہمیں بیج نہیں چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کو گندم درآمد کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، یہ ملک سب کا ہے، اس میں کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیے۔وزیراعظم  کا  کہنا تھا کہ ابھی بھی متاثرہ علاقوں میں سیلاب کا پانی کھڑا ہے، جس سے بیماریاں پھیل رہی ہیں۔

ادھر پنجاب میں گندم کی کمی پر وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ دیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے وفاقی حکومت سے 10 لاکھ ٹن گندم فراہمی کا مطالبہ کیا ہے جب کہ خط میں پنجاب کو 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی فوری فراہمی کی درخواست دی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے وفاق کو بھیجےگئے مراسلے میں کہا گیا ہےکہ وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی اورپاسکوکو ہدایات جاری کی جائیں، بقیہ گندم بھی مرحلہ وار فراہم کی جائے،  پنجاب میں گندم فراہمی کے لیے فوری اقدامات کیےجائیں۔

دوسری جانب سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے گندم کے معاملے پر وفاق کو خط لکھے جانے کی تصدیق کی ہے۔مونس الٰہی نے کہا کہ شہبازشریف کی قیادت میں وفاقی حکومت پنجاب کےلوگوں پرظلم کررہی ہے، وفاقی حکومت نے ہمیں گندم میں اپنا حصہ دینے سے انکار کردیا ہے اور ہمیں گندم درآمد کرنے کی اجازت بھی نہیں دے رہے۔

سابق وزیر کا  کہنا تھا کہ پنجاب میں گندم کا بحران پیدا ہو رہا ہے،  امیدہے وفاق  کو وزیراعلیٰ پنجاب کے خط  پر بہتر حکمت سے کام لیا جائے گا۔یاد رہے کہ پنجاب حکومت گندم کے معاملے پر پہلا مراسلہ 18جون، دوسرا 19 ستمبر اور تیسرا 4  اکتوبر کو متعلقہ اداروں کو لکھ چکی ہے۔

متعلقہ تحاریر