لانگ مارچ کی کوریج کرنے والی خاتون رپورٹر صدف نعیم حادثے میں جاں بحق ہوگئیں

چینل فائیو کی رپورٹر کی ناگہانی موت پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سمیت متعدد رہنماؤں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے حقیقی آزادی مارچ کے دوران انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں چینل فائیو کی خاتون رپورٹر کنٹینر سے گر کر جاں بحق ہو گئی ہیں، جس کے بعد چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے آج کے لانگ مارچ کو ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لانگ مارچ کی کوریج کے لیے جانے والی چینل فائیو کی رپورٹ صدف نعیم دوران رپورٹنگ کنٹینر کی چھت سے گر کر جاں بحق ہو گئیں۔ صدف کو حادثے کے فوری بعد اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جاں بر نہ ہوسکیں۔

حادثے کے فوری بعد چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے لانگ مارچ کو کاموکے کے مقام پر ہی آج کے لیے ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

رپورٹر صدف نعیم کی ناگہانی موت پر چیئرمین عمران خان نے اظہار تعزیت کیا ہے اور آج کے دن کے لیے لانگ مارچ کو فوری طور پر روک دیا ہے۔”

رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے رپورٹر صدف نعیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ” صدف سے زیادہ جرآت مند اور محنتی رپورٹر بہت کم دیکھے، ایک جی دار لڑکی، کل ہی عمران خان سے انٹرویو کے بعد صدف کا لاہور کی سب سے جی دار اور محنتی رپورٹر کے طور پر تعارف کروایا تو اس کی آنکھیں چمک اٹھیں کیا نہیں معلوم تھا یہ ملاقات آخری ہو گی، خدا غریق رحمت کرے۔”

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے چینل فائیو کی رپورٹر صدف کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے صدف پروفیشنل ، محنتی اور قابل صحافی تھیں۔

متعلقہ تحاریر