بلوچستان کے علاقے کمان پاس میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن ، 4 دہشتگرد ہلاک
ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران دو سیکورٹی اہلکار بھی شہید ہوئے ہیں۔
بلوچستان کے علاقے کمان پاس میں سیکورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے نتیجے میں 4 دہشتگرد مارے گئے ہیں جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں دو جوان بھی جام شہادت نوش فرماگئے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ فوجی جوانوں کی قربانیوں سے علاقے میں امن قائم ہورہا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کیا گیا ہے کہ بلوچستان میں کمان پاس کے قریب ایک علاقے میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران چار دہشت گرد مارے گئے۔
یہ بھی پڑھیے
ارشد شریف قتل کیس: وفاقی حکومت نے 3 رکنی کمیشن تشکیل دے دیا
توہین عدالت کیس: کیا عمران خان کو عدالت عظمیٰ سے ریلیف مل سکتا ہے؟
ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ "سیکیورٹی فورسز کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے دہشت گردوں کے مشتبہ ٹھکانے کے قریب اتارا گیا تھا تاکہ فرار کے راستوں کی کاٹ کی جاسکے۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن میں سپاہی شفیع اللہ اور سپاہی محمد قیصر اُس وقت شہید ہوئے جب دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر چھپ کر فائرنگ کردی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مارے گئے دہشتگردوں کے ٹھکانے سے دیسی ساختہ بم سمیت اسلحہ اور گولہ بارود کا ذخیرہ برآمد کر لیا گیا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ علاقے میں دیگر دہشت گردوں کو پکڑنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔
دوسری جانب کمان پاس میں سیکورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ فورسز نے جرات مندانہ کاروائی کرکے دہشت گردوں کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا۔ جو پوری قوم کے لیے اطمینان کا باعث ہے۔
وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں دو سیکورٹی اہلکاروں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے بہادر سپوتوں نے ملک کی خاطر جانوں کے نذرانے پیش کئے ، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اپنی فورسز اور شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔