ارشد شریف قتل کیس میں فیصل واوڈا کا ایک اور یو ٹرن
سابق رہنما تحریک انصاف اور سابق سینیٹر فیصل واوڈا نے سینئر صحافی ارشد شریف قتل کیس کے حوالے سے نیا بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ کینیا میں ان کے قتل میں پی ٹی آئی کے اندر کے لوگ ملوث ہو سکتے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما اور سابق سینیٹر فیصل واوڈا نے سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل کیس کے حوالے سے نیا بیان دیتے ہوئے اس خدشے کا امکان ظاہر کیا ہے کہ کینیا میں ان کے قتل میں پی ٹی آئی کے اندر کے لوگ ملوث ہو سکتے ہیں۔
سما نیوز چینل کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کے قتل کی منصوبہ بندی مبینہ طور پر پاکستان میں ان لوگوں نے کی ، جو اس سے فائدہ اٹھا چاہتے تھے۔
یہ بھی پڑھیے
وزیراعظم کا دورہ چین: احسن اقبال دورے کے فوائد گنوانے لگے مریم اورنگزیب کی عمران خان پر تنقید
نواز شریف کا عمران خان کو فیس سیونگ نہ دینے کا مشورہ، فواد اور شہباز کا کرارا جواب
سینئر تجزیہ نگار اور صحافی مرتضیٰ سولنگی کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فیصل واوڈا کے انٹرویو کا کلپ شیئر کیا ہے۔
Faisal Vawda says a group of PTI leaders may be involved in the planning the murder of Arshad Sharif. pic.twitter.com/WeJ3houqRz
— Murtaza Solangi (@murtazasolangi) October 31, 2022
فیصل واوڈا کا کہنا تھا جو کچھ ارشد شریف صاحب کے ساتھ ہوا ، اسے ایک حادثاتی موت دکھا کر ، نماز جنازہ پڑھ کر اس چیپٹر کو بند کردیا گیا تھا۔ اور پاکستان میں ہوتا ہی ایسا ہے۔ منصوبہ بندی جس نے بھی کی بہت زبردست کی تھی۔
ان کا کہنا تھا اللہ کسی کے بھی دل میں ڈال دیتا ہے ، میرے دل میں ڈالا گیا میں اس کے لیے آکر کھڑا ہوگیا۔
ایک سوال کے جواب میں فیصل واوڈا کا کہنا تھا ارشد شریف کے قتل کی منصوبہ بندی پاکستان میں ہوئی۔
پروگرام کے میزبان ندیم ملک نے سوال کیا کس نے منصوبہ بندی کی اور کیوں۔؟ اس پر فیصل واوڈا کا کہنا تھا جن کو یہ سوٹ کرتا ہے۔
اینکر پرسن ندیم ملک نے پھر سوال کیا کن کو سوٹ کرتا ہے۔؟ فیصل واوڈا کا کہنا تھا تین سانپ اور دو خاص لوگوں کو یہ سوٹ کرتا ہے۔ اور تو کسی کو یہ بات سوٹ نہیں کرتی۔
ندیم ملک نے سوال کیا آپ کے کہنے کا مقصد ہے کہ تحریک انصاف کے اندر کے لوگ ملوث ہیں۔؟ اس پر فصل واوڈا کا کہنا تھا اب تو کچھ بھی ہوسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کسی کو بھی آخری حدتک گیم کا کا پتا نہیں ہوتا۔ کیونکہ سب انسان ہیں۔
فیصل واوڈا نے دعویٰ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ارشد شریف کو منصوبہ بندی کے تحت قتل کیا گیا۔ اس نے اپنا کام ایمانداری سے کیا اور وہ ملک بھی چھوڑنا نہیں چاہتا تھا۔ کن وجوہات کی بنا پر انہوں نے ملک چھوڑا یہ بھی مجھے معلوم ہے۔ ملک چھوڑنے کے بعد وہ میرےساتھ رابطے میں تھا ، وہ واپس آنا چاہتا تھا یہ بھی مجھے پتا تھا۔ آنے میں کوئی رکاوٹ نہیں تھی وہ بھی مجھے پتا ہے۔
مقتول ارشد شریف کے نماز جنازہ سے ایک روز قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے بیانیہ بنایا تھا کہ گاڑی کے اندر سے گولی ماری گئی تھی ۔ پھر انہوں یوٹرن لیتے ہوئے کہا کہ انہیں گاڑی سے باہر قتل کیا گیا تھا۔
مقتول ارشد شریف کے اہل خانہ ، متعدد سیاستدانوں اور صحافیوں نے بدھ کو فیصل واوڈا کی گھنٹوں پر محیط پریس کانفرنس کو مسترد کر دیا تھا۔
سینئر صحافیوں کامران خان، سید طلعت حسین، سیرل المیڈا، مبشر زیدی، اظہر صدیقی اور دیگر نے فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس کو بے معنی پریس کانفرنس قرار دیا تھا۔
دوسری جانب مقتول ارشد شریف کی والدہ اور ان کی بیوہ جویریہ صدیقی نے بھی فیصل واوڈا کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے اے آر وائی نیوز کے مالک سلمان اقبال کے حق میں بیان دیتے ہوئے انہیں بےگناہ قرار دیا تھا۔
فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے سینئر صحافیوں کا کہنا تھا کہ مقتدر طاقتوں نے اپنے آپ کو مزید ایکسپوز کردیا ہے۔
ان کا کہنا تھا جنہوں نے فیصل واوڈا کو لانچ کیا انہوں نے مکمل تیاری کے ساتھ میدان میں نہیں اتارا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس کا پی ٹی وی لائیو دکھایا جانا بھی اس بات کی چغلی کھاتا ہے کہ اس سارے کھیل میں مسلم لیگ (ن) بھی پیش پیش تھی۔
ان کی پریس کانفرنس کے بعد پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے فیصل واوڈا کی پارٹی کی بنیادی رکنیت ختم کردی تھی۔