پرویز الٰہی فوجی افسر کی نامزدگی سے انکاری، عمران خان پر حملے کا مقدمہ درج نہ ہوسکا

تحریک انصاف لاہور کے جنرل سیکریٹری  زبیر خان نیازی  گزشتہ روز 10 گھنٹے وزیرآباد تھانے میں مقدمے کے اندراج کیلیے بیٹھے رہے، پولیس ٹال مٹول سے کام لیتی رہی، شاہ محمود قریشی کا نامزد ملزمان کیخلاف مقدمہ درج نہ ہونے پر قانونی آپشنز استعمال کرنے کا عندیہ

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر قاتلانہ حملے کی ایف آئی آر کے اندراج میں رکاوٹ بن گئے۔ چوہدری پرویز الٰہی نے ایف آئی آر میں فوجی افسر کو نامزد کرنے سے انکار کردیا۔

تحریک انصاف لاہور کے جنرل سیکریٹری  زبیر خان نیازی  گزشتہ روز 10 گھنٹے  تک  وزیرآبادتھانے میں مقدمے کے اندراج کیلیے بیٹھے رہے لیکن نامزد ملزمان کیخلاف ایف آئی آر کا اندراج تو دور انہیں درخواست کی برقی وصولی کی  پرچی تک نہیں دی گئی۔

یہ بھی پڑھیے

عمران خان نے 24 ستمبر کا اپنا بیان چلا کر حکومت کا کھیل ایکسپوز کردیا

فوج کا حکومت سے عمران خان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

جمعرات کو وزیرآباد میں تحریک انصا ف کے سربراہ عمران خان پر قاتلانہ حملے کے بعد رات گئے پریس کانفرنس میں  تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری اسد عمر اور وزیرداخلہ پنجاب میاں اسلم اقبال نے وزیراعظم شہبازشریف، وفاقی وزیرداخلہ راناثنااللہ اور ایک اعلیٰ فوجی افسر کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کا اعلان کیا تھا۔

بعدا زاں گزشتہ رات تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بھی میڈیا سے گفتگو میں بار بار نام لیکر اعلیٰ فوجی افسر کو حملے کا ذمے دار قرار دیا تھا۔ تاہمذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے عمران خان کے رویے پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے فوجی افسرکیخلاف مقدمہ درج کرنے سے انکار کردیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویزالٰہی کا موقف ہے کہ حملے میں ملوث ملزم کی گرفتاری کے بعد کسی اور کیخلاف مقدمہ درج کرانا بلاجواز ہے، پرویزالٰہی قانون کے مطابق کارروائی کے حامی ہیں تاہم عمران خان اپنی خواہش کےمطابق ایف آئی آر کٹوانا چاہتے ہیں۔

دریں اثنا تحریک انصاف لاہور کے جنرل سیکریٹری زبیر خان نیازی گزشتہ رات عمران خان پر قاتلانہ حملے کا مقدمہ درج کرانے تھانے پہنچے تاہم پولیس نے لیت ولعل سے کام لیتے ہوئے مقدمہ درج نہیں کیا۔

بعدازاں زبیر نیازی ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ  تھانے کی بجلی آگئی، اب برقی رسید کا انتظار ہے۔بعدازاں انہوں نے لکھاکہ  بجلی آئےہوئے 45 منٹ ہوگئے، ابھی تک برقی رسید کا انتظار ہے۔

رات گئے اس حوالے سے کیے گئے اپنے آخری ٹوئٹ میں زبیر نیازی نے پولیس کے رویے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ مقدمہ درج ہونا تو دور کی بات، درخواست کی الیکٹرانک وصولی کی پرچی تک نہیں ملی۔ یاد رہے، قاتلانہ  حملہ عمران خان پر ہوا ہے۔

ادھر تحریک انصاف کے رہنما  شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر آباد واقعے کی ایف آئی آر کے راستے میں رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے،  مدعی کی مرضی کے مطابق ایف آئی آر درج نہ ہوئی تو قانونی آپشنز موجود ہیں۔

متعلقہ تحاریر