عمران خان نے عوام کو 26 نومبر کو راولپنڈی پہنچنے کی کال دے دی

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے 26 نومبر کو راولپنڈی کے جلسے میں قوم کو آئندہ کا لائحہ عمل دوں گا۔

سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے عوام کو 26 نومبر کو راولپنڈی میں پہنچنے کی کال دے دی۔ کہتے ہیں الگے ہفتے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔ نیوز 360 کے ذرائع کا کہنا ہے مقتدر حلقوں نے چیئرمین تحریک انصاف کو قبل از وقت انتخابات کی یقین دہانی کرادی جس کی بنا پر انہوں نے راولپنڈی میں آخری جلسہ کرنے کی کال دی ہے۔

حقیقی آزادی مارچ کے شرکاء سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا اب ہماری ملاقات 26 نومبر کو راولپنڈی میں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا پی ٹی آئی کے تمام کارکنان اور پاکستانی 26 نومبر کو راولپنڈی پہنچیں۔

یہ بھی پڑھیے

بیٹی ، بیوی اور خاوند کا پردہ چاک کرنے والوں کو نہ یہاں نہ اگلے جہاں میں معاف کروں گا، اعظم سواتی

آرمی چیف کی تعیناتی کامعاملہ: وزیر اعظم ناقابل رسائی، اسلام آباد میں براجمان آصف زرداری پریشان

عمران خان کا حقیقی آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ باشعور قومیں حقیقی آزادی کی جدوجہد کرتی ہیں۔ ہم نے حقیقی آزادی کی تحریک 7 ماہ قبل شروع کی تھی جب ہماری حکومت سازش کے ذریعے گرائی گئی تھی۔ ہم یہ مارچ سیاست کے لیے نہیں کررہے۔ بلاول بھٹو کا سیاسی مستقبل نہیں دیکھ رہا۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ میرے دور حکومت میں 3 لانگ مارچ کیے گئے مگر ہم نے نہ کسی لانگ مارچ کو روکا اور نہ ہی کسی کے خلاف ایف آئی آر کاٹی گئی۔ ہم نے ان کے سامنے کبھی کنٹینرز نہیں رکھے۔ ہم نے ان کو آئین اور قانون کے مطابق احتجاج کی اجازت دی۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا انہوں نے مجھے ایسے رکھا جیسے میں کوئی غدار ہوں ، ہم پر ایسے ظلم کیے گئے جیسے ہم پاکستانی نہیں ہیں۔ مجھ پر 23 ایف آئی آر کاٹی گئیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے پتا ہے یہ مجھے مارنے کی پلاننگ کررہے ہیں مگر میں پھر بھی نکلا ہوں۔ جنہوں نے مجھے مارنے کی کوشش کی ابھی بھی وہیں بیٹھے ہیں۔ مجھے 6 ماہ سے لگ رہا تھا کہ میری جان کو خطرہ ہے۔

بلاول بھٹو پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا مجھے سیاست میں بلاول بھٹو کا کوئی مستقبل دکھائی نہیں دیتا ، بلاول بھٹو صرف اپنے باپ کے پیسے ڈھونڈتا رہے کہ اس کے باپ نے چوری کا پیسہ کہاں کہاں رکھا ہوا ہے۔ انہیں صرف منی لانڈرنگ آتی ہے چھوٹی سے عمر میں ارب پتی بن گئے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا جب تک حقیقی آزادی نہیں ملے گی ہم نہیں رکیں گے ، ہم چاہتے ہیں کہ قوم کے فیصلے قوم کرے۔ ہم سپرپاور کی غلامی قبول نہیں کریں گے۔ قوم اب اُن کی غلامی بھی کبھی قبول نہیں کرے گی۔ چوروں کی غلامی سے بہتر ہے کہ مرجائیں۔ مجھ پر حملہ کرکے ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی۔

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا ہم نے روس کے ساتھ تیل خریدنے کی بات کی تو ہماری حکومت کو ہٹا دیا گیا ، بھارت روس سے سستا تیل خرید رہا ، لیکن یہ لوگ روس سے سستا تیل نہیں خریدیں گے کیونکہ ان کے آقا ناراض ہو جائیں گے۔

سربراہ تحریک انصاف کا کہنا تھا صاف اور شفاف انتخابات تمام مسائل کا حل ہیں۔

ذرائع نے نیوز 360 کو بتایا ہے کہ مقتدر حلقوں نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو قبل ازوقت انتخابات کی یقین دہانی کرادی جس کی بنا پر انہوں نے 26 نومبر کو راولپنڈی میں آخری جلسہ کرنے کی بات کی ہے۔

نیوز 360 کے ذرائع کے مطابق جلسے کے بعد عمران خان حقیقی آزادی مارچ کے شرکاء کو عام انتخابات کی تیاری کی کال دیں اور دھرنا دیئے بغیر چلے جائیں گے۔

نیوز 360 کے ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تمام صوبوں حکومتوں سے عام انتخابات کے لیے انتخابی افسران کی فہرستیں طلب کرلی ہیں۔

واضح رہے کہ 26 نومبر کو فوج کے اعلیٰ افسر بھی ریٹائر ہورہے ہیں۔

متعلقہ تحاریر