آرمی چیف اور اہلخانہ کے ٹیکس گوشوارے لیک کرنیوالے2 افسران فارغ
آرمی چیف اور انکے اہلخانہ کے ٹیکس گوشواروں کا ڈیٹا مبینہ طور پر ڈپٹی کمشنر اِن لینڈ ریونیو عاطف نواز وڑائچ اور ڈپٹی کمشنر اِن لینڈ ریونیو ظہور احمد کے لاگ اِن اور پاس ورڈ سے لیک ہوا، دونوں افسران کو عہدوں سے ہٹادیا گیا، تحقیقات جاری

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ اور ان کے اہل خانہ کے ٹیکس گوشواروں کی معلومات لیک کرنے والے ٹیکس افسران کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا، دو افسران کو عہدے سے ہٹادیا گیا ہے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ان کے اہل خانہ کی ٹیکس معلومات لیک ہونے پر ایف بی آر میں کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ معاون خصوصی محصولات طارق پاشا نے رپورٹ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے حوالے کردی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
عمران خان 59 فیصد عوام کے نجات دہندہ، 70 فیصد کا فوری عام انتخابات کا مطالبہ، آئرس سروے
صدر مملکت نے وزیراعظم کی سمری پر دستخط کردیے، جنرل عاصم منیر آرمی چیف مقرر
ابتدائی رپورٹ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ان کے اہلخانہ کے انکم ٹیکس گوشوارے لیک کرنے میں محکمہ ان لینڈ ریونیو کے 2 ڈپٹی کمشنر ملوث پائے گئے ہیں ۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق معاملے میں قصور وار قرار دیے گئے ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو عاطف نواز وڑائچ اور ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو ظہور احمد کو عہدے سے ہٹادیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق انکم ٹیکس آرڈیننس کی شق 198 اور 216 کی خلاف ورزی پر ان افسران سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔ ان دونوں افسران پر الزام ہے کہ ان کے لاگ ان اور پاس ورڈ سے مبینہ طور پر ڈیٹا لیک ہوا۔









