دہشتگردی کی نئی لہر: نیکٹا کی نیشنل سی ٹی ڈی بنانے کی تجویز
مرکز میں نیشنل سی ٹی ڈی کے اپنے تھانے ہوں گے اور صوبائی سی ٹی ڈی اپنے طور پر آپریشن جاری رکھ سکے گی، ابتدائی تخمینہ 2 ارب روپے لگایا گیا ہے، نیکٹا کے نیشنل کوآرڈینیٹر رائے طاہر کی ارسال کردہ تجویز
ملک میں دہشت گردی کی حالیہ نئی لہر کے پیش نظر نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے حکومت کو قومی محکمہ انسداد دہشتگردی (نیشنل سی ٹی ڈی) بنانے کی تجویز دے دی ۔
یہ تجویز نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کے نیشنل کوآرڈینیٹر رائے طاہر نے حکومت کو ارسال کی تھی۔
یہ بھی پڑھیے
سی ٹی ڈی شہریوں کے مبینہ اغوا میں ملوث، رہائی کیلئے لاکھوں کی رشوت کی مانگ
سی ٹی ڈی کی کارروائی: سوشل میڈیا کے ذریعے اسلحے کی اسمگلنگ میں ملوث 4 ملزمان گرفتار
تجویز کے مطابق وفاقی سطح پر نیکٹا کی نگرانی میں قومی محکمہ انسداددہشتگردی بنایا جائے جس کے ذریعے قومی اور بین الاقوامی سطح پر کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی شروع کی جا سکے۔
حکومت کو تجویز دی گئی کہ مرکز میں قومی محکمہ انسداد دہشتگردی کے اپنے تھانے ہوں گے اور صوبائی محکمہ انسداد دہشت گردی اپنے طور پر آپریشن جاری رکھ سکے گی جبکہ نیشنل سی ٹی ڈی ملک بھر میں آپریشن کر سکے گی۔
ذرائع کے مطابق قومی محکمہ انسداد دہشت گردی کا ابتدائی تخمینہ 2 ارب روپے لگایا گیا ہے۔تجویز میں کہا گیا ہے کہ قومی محکمہ انسداد دہشت گردی کو موجودہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت بنایا جائے۔
رواں ہفتے دہشت گردی کے ایک واقعے میں کوئٹہ کے بلیلی علاقے میں بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کے قریب خودکش حملے میں ایک پولیس اہلکار سمیت کم از کم 3 افراد جاں بحق جب کہ 20 زخمی ہوئے۔