پی ٹی آئی نے "الیکشن کراؤ ملک بچاؤ” ریلیوں کا شیڈول جاری کردیا

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی منظوری کے بعد "الیکشن کراؤ ملک بچاؤ" ریلیوں کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق لاہور میں 11 روزتک ریلیوں کا اہتمام کیا جائے گا جس کی قیادت پارٹی  کے مرکزی رہنما کریں گے جبکہ سابق وفاقی وزراء اور ارکان اسمبلی بھی اپنے اپنے حلقوں میں نکالی جانے والی ریلیوں کے قیادت کریں گے

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی  آئی) نے ملک میں نئے عام انتخابات کیلئے وفاقی حکومت پر مزید دباؤ بڑھانے کا فیصلہ کر تے ہوئے احتجاجی ریلیوں کے نئے سلسلے "الیکشن کراؤ  ملک بچاؤ” مہم کا اغاز کردیا ہے ۔

چیئرمین  پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی منظوری کے بعد "الیکشن کراؤ ملک بچاؤ” ریلیوں کا شیڈول بھی جاری کردیا گیا ہے۔ ملک گیر ریلیوں کی قیادت پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کرے گی۔

یہ بھی پڑھیے

عمران اور چوہدری پرویز مدمقابل: پی ٹی آئی کی “الیکشن کراؤ ملک بچاؤ” ریلیوں کا آغاز

پاکستان تحریک انصاف  کی "الیکشن کراؤ ملک بچاؤ” ،مہم کے تحت ریلیوں میں مہنگائی، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور انصاف کی فراہمی کے معاملات کو بھی اجاگر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی منظوری سے جاری کیے گئے شیڈول کے مطابق پہلے مرحلے کے تحت لاہور میں 11 روز ریلیاں نکالی جائیں گی۔ 7 دسمبر کی ریلی کی قیادت حماد اظہر کریں گے ۔

این اے 135 کے حلقے میں 8 دسمبر کو ریلی کی قیادت رکن قومی اسمبلی کرامت کھوکھر جبکہ 9 دسمبر کو این اے 130 میں ریلی کی قیادت  سابق وفاقی وزیر شفقت محمود کرینگے۔

پی پی 151 میں 10 دسمبر کو ریلی کی قیادت سنیئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال جبکہ 11 دسمبر کو پی پی 158 میں نکالی جانے والی ریلی کی سربراہی میاں اکرم عثمان کریں گے ۔

الیکشن کراؤ ملک بچاؤ  مہم کے تحت  12  دسمبر  کی ریلی رکن صوبائی اسمبلی ندیم بارا ،13 دسمبر کی ریلی رکن صوبائی اسمبلی شبیر گجر  اور 14 دسمبر کو ریلی کی قیادت صوبائی وزیر ڈاکٹر مراد راس کرینگے۔

ظہیر عباس  15 دسمبر ، سرفراز کھوکھر 16 دسمبر اور 17 دسمبر کو پی پی 160  میں نکالی جانے والی "الیکشن کراؤ ملک بچاؤ” ریلی کی قیادت صوبائی وزیر میاں محمودالرشید کرینگے۔

سابق وزیر اطلاعات و نشریات  فواد چوہدری کہنا ہے کہ  تحریک انصاف اور وفاقی حکومت کے درمیان قبل از وقت انتخابات کے حوالے سے “غیر رسمی رابطے” شروع ہو گئے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری نے کہا کہ ہم نے  وفاقی حکومت کو یہ سمجھانے کی کوشش کی ہے کہ انتخابات کے علاوہ کوئی بھی نظام ملک میں استحکام نہیں لا سکتا ہے ۔

سابق وزیر اطلاعات و نشریات  نے کہا کہ تحریک انصاف مسلح افواج اور عدلیہ کے ساتھ تعلقات میں “بہتری” کی خواہاں ہے۔  ہم نہیں چاہتے کہ فوج یا عدلیہ سے ہمارے اختلافات بڑھیں۔

یہ بھی پڑھیے

صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل ، عمران خان کا دسمبر کی ڈیڈلائن میں توسیع سے انکار

پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اطلاعات و نشریات  فواد چوہدری نے صحافیوں کو بتایا کہ  ہم مسلسل کوشش کر رہے ہیں کہ اداروں کے ساتھ ہمارے اختلافات کم ہوں۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے قبل از وقت انتخابات  نئی مہم ایسے وقت میں شروع کی ہے جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف واضح لفظوں میں کہہ چکے ہیں کہ عام انتخابات اگلے سال اپنے وقت پر ہوں گے۔

متعلقہ تحاریر