سی ڈی اے نے چک شہزاد میں سینیٹر اعظم سواتی کا فارم ہاؤس سیل کردیا
کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ فارم ہاؤس کی تعمیر تعمیراتی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کی گئی ، دوسری جانب سندھ پولیس نے تحریک انصاف کے رہنما کو کوئٹہ سے سندھ منتقل کردیا ہے۔
کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے دارالحکومت اسلام آباد کے مضافاتی علاقے چک شہزاد میں غیر قانونی تعمیرات کے الزام میں پی ٹی آئی کے سینیٹر اعظم سواتی کے فارم ہاؤس کو سیل کر دیا ہے۔ دوسری جانب بلوچستان ہائی کورٹ کے اعظم سواتی سے تمام مقدمات ختم کرنے حکم کے ساتھ ہی سندھ پولیس نے انہیں گرفتار کرکے کراچی منتقل کردیا ہے۔
جمعے کے روز تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی کے فارم ہاؤس کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے سیل کر دیا تھا۔ سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ مکانات کی تعمیر کے قوانین کی خلاف ورزی پر فارم ہاؤس کو سیل کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے
سلیمان شہباز کی وطن واپسی کی منصوبہ بندی، حفاظت ضمانت کے لیے عدالت سے رجوع
توہین عدالت کا معاملہ ، رہنما پی ٹی آئی اسد عمر نے غیرمشروط معافی مانگ لی
واضح رہے کہ سی ڈی اے نے سینیٹر اعظم سواتی کی اہلیہ کو گزشتہ ماہ اسلام آباد میں ان کے فارم ہاؤس پر غیر قانونی تعمیرات کے لیے حتمی نوٹس جاری کیاگیا تھا۔
یہ بھی یاد رہے کہ یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب سندھ پولیس نے سینیٹر اعظم سواتی کو کوئٹہ سے حراست میں لے لیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما کو سندھ منتقل کردیا گیاہے جہاں ان کے خلاف دو مقدمات درج ہیں۔
سینیٹر اعظم سواتی کے وکیل اقبال شاہ کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بلوچستان ہائی کورٹ نے اعظم سواتی کی رہائی کا حکم دیا تھا تاہم کوئٹہ پولیس نے اُنہیں سندھ پولیس کی تحویل میں دے دیا۔
وکیل اقبال شاہ کا کہنا تھا سینیٹر اعظم سواتی کو خصوصی طیارے کے ذریعے سندھ منتقل کیا جائےگا۔
تحریک انصاف کے رہنما قاسم خان سوری نے بھی اس پیشرفت کی تصدیق کرتے ہوئے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا ہے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ بلوچستان ہائی کورٹ کا سینیٹر اعظم سواتی کے حق میں فیصلہ اور اس کے بعد سندھ حکومت کا اقدام افسوسناک ہے۔
قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر اعظم سواتی کی بیٹی کی جانب سے ملک میں قانون کی حکمرانی پر سوالیہ نشان لگانے والی درخواست بھی شیئر کی ہے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق وفاقی حکومت نے سینیٹر اعظم سواتی کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ "معطل” کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع نے خبر دی ہے کہ وفاقی حکومت کی ہدایت پر وفاقی تحقیقات ادارے نے نادرا کو سفارش پر عمل کرنے کا کہہ دیا ہے۔









