رانا ثناء اور حنا ربانی کے بیانات کے بعد میرانشاہ میں ایک مرتبہ پھر دہشتگردی، دو افراد شہید

وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر مملکت برائے خارجہ نے پریس کانفرنسز میں اس بات کا کھل کر اظہار کیا تھا کہ پاکستان میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات میں کسی نہ کسی صورت میں بھارت ملوث ہوتا ہے ، جس کے بعد دہشتگردوں نے پھر سے میرانشاہ میں سیکورٹی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی عمران محمود اور وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر کے بیانات کے بعد دہشتگردوں نے ایک مرتبہ میرانشاہ میں سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنایا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ میرانشاہ کے علاقے میں دہشتگرد نے دھماکہ خیز مواد کے ساتھ خودکش حملہ کیا ، جس کے نتیجے میں ایک سیکورٹی اہلکار سمیت دو افراد شہید ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیے

الطاف حسین کو پاکستان کے معاملات میں مداخلت کا حق کس نے دیا؟

ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ خودکش دھماکے کے نتیجے میں سیکورٹی اہلکاروں سمیت 9 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف ، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے میرانشاہ خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ مسلمانوں پر خودکش حملے کرنے والے مسلمان نہیں ہوسکتے۔

جاں بحق ہونے والوں کے اہلخانہ سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللہ شہداء کے لواحقین کو صبرجمیل عطا فرمائے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہداء کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔ مجرموں کو نشان عبرت بنائیں گے۔

واضح رہے کہ دو روز وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی عمران محمود نے مشترکہ پریش کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں ہونے والی ہر دہشتگردی کے پیچھے کسی نہ کسی صورت میں انڈیا کا ہاتھ ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا لاہور میں حافظ سعید کے گھر کے قریب ہونے والے دھماکے کے گرفتار ملزمان سے تفتیش کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا تھا کہ اس دھماکے کے لیے ٹیررفنانسنگ انڈیا کی جانب سے کی گئی۔

اسی طرح سے گذشتہ روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر کا کہنا تھا امن کو تباہ کرنے والی بھارتی تخریب کاریوں پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ ہمیں امید ہے بین الاقوامی برادری بھارت کے منفی عزائم کو بےنقاب کرے گی۔

حنا ربانی کھر کا کہنا تھا پاکستان آج بھی دہشت گردی کا مقابلہ کررہا ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں، واضح ثبوت ہیں کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے۔

وزیر مملکت برائے خارجہ کا کہنا تھا پاکستان کو خطے میں بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، بھارت مسلسل عالمی قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب ہورہا ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کو ہمیشہ جھٹلاتا آرہا ہے۔

متعلقہ تحاریر