وفاقی دارالحکومت میں خودکش دھماکہ: تحقیقات کے لیے مشترکہ جے آئی ٹی تشکیل
تحقیقات ٹیم ایس ایس پی سی ٹی ڈی کی سربراہی میں تشکیل دے گئی ، جبکہ ٹیم میں پولیس اور حساس اداروں کے افسران بھی شامل ہوں گے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں خودکش دھماکہ، پولیس حکام نے تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دہے۔
اسلام آباد کے سیکٹر آئی 10 میں خودکش دھماکے کی تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کردیا گیا۔ ترجمان وفاقی پولیس کی جانب سےجاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایس ایس پی سی ٹی ڈی کی سربراہی میں 8 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے ، جو خودکش دھماکے کی تحقیقات کرے گی۔
یہ بھی پڑھیے
خیبر پختون خوا میں گورنر راج کی بازگشت، اسمبلی تحلیل کا امکان ختم
وزیر اعظم شہباز شریف کے داماد بغیر نمبرپلیٹ کی لگژری مرسڈیز میں سفر کرنے لگے
ترجمان وفاقی پولیس کے مطابق جے آئی ٹی میں ایس پی انڈسٹریل ایریا ، ایس ڈی پی او سبزی منڈی کو شامل کیا گیا ہے۔
نوٹی فیکیشن کے مطابق مشترکہ جے آئی ٹی میں حساس اداروں کے ممبران بھی شامل ہوں گے۔
ڈی آئی جی آپریشنز سہیل ظفر کی جانب سے مشترکہ جے آئی ٹی کا نوٹی فیکیشن جاری کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز اسلام آباد کے آئی 10 میں خودکش میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ 5 اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہو گئے تھے۔
اسلام آباد میں دفعہ 144 کا نفاذ
یاد رہے کہ ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) نے جمعہ کے روز وفاقی داراحکومت میں خودکش دھماکے کے بعد دو ہفتوں کے لیے دفعہ 144 کا نفاذ کردیا تھا۔
آئی سی ٹی کی جانب سے سے جاری ہونے والے نوٹی فیکیشن کے مطابق دفعہ 144 کے تحت وفاقی دارالحکومت میں بالخصوص آئندہ بلدیاتی انتخابات کے پیش نظر ہر قسم کی کارنر میٹنگز، جلسے، عوامی اجتماعات اور عام اجتماعات پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
نوٹی فیکیشن میں کہا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں (LEAs) کی طرف سے جاری کردہ حالیہ تھریٹ الرٹس اور وفاقی دارالحکومت میں پولیس پر حملے کے بعد خطرات سے نمٹنے کے لیے ICT کی سیکیورٹی کو بڑھا دیا گیا ہے۔ ان اقدامات کا مقصد عوام کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔









