سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی 15ویں برسی آج منائی جارہی ہے

سابق چیئرپرسن پاکستان پیپلز پارٹی بے نظیر بھٹو کی برسی کی مرکزی تقریب گڑھی خدا بخش میں ہو گی ، تقریب سے بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر رہنما خطاب کریں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سابق چیئرپرسن اور مقتول وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی آج 15ویں برسی منائی جارہی ہے، مرکزی تقریب گڑھی خدا بخش پر ان کے مزار پر منائی جائے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق برسی کے جلسے کی کارروائی دوپہر ایک بجے شروع ہوگی اور جلسہ عام سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، سید یوسف رضا گیلانی، نثار احمد کھوڑو ، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ، اور دیگر پارٹی قائدین خطاب کریں گے۔

گڑھی خدا بخش اور نوڈیرو میں سابق صدارتی کیمپ کی سیکیورٹی کے لیے 8140 پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے ، کارکنان اور پارٹی رہنماؤں کا گڑھی خدا بخش میں آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیے

اقتدار کی خاطر عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچاؤں گا، عمران خان

مسلم لیگ ن کا لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر عدالت عظمیٰ سے سوموٹو لینے کا مطالبہ

تقریباً 30 ایس ایس پیز اور آٹھ اے ایس پیز تقریب کی نگرانی کے لیے تعینات کیے گئے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ نے گڑھی خدا بخش میں قائم کنٹرول روم سے عوامی اجتماع کی نگرانی کے لیے 150 سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے ہیں۔

عوامی اجتماع کی نگرانی کے لیے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں، جب کہ پنڈال کو پیپلز پارٹی کے جھنڈوں ، بینرز اور پارٹی رہنماؤں کے بڑے سائز پورٹریٹ سے سجایا گیا ہے۔ بھٹو خاندان کے کارکنوں اور مداحوں کے قافلوں کو ٹھہرانے کے لیے خیمے لگائے گئے ہیں۔ تقریب میں شرکت کے لیے ملک بھر سے قافلوں کے آنے کا بھی سلسلہ جاری ہے۔

سندھ کے وزیر محنت و افرادی قوت اور پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی نے شہید بینظیر بھٹو کی 15ویں برسی میں شرکت کے لیے پیر کے روز کراچی سے لاڑکانہ گڑھی خدا بخش کے لیے تقریباً 150 بسوں کے قافلے کے ساتھ روانہ ہوئے تھے۔

لاڑکانہ میں دن کا آغاز مزار پر قرآن خوانی سے ہوا ، پروگرام کے مطابق بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مشاعرہ بھی منعقد کیا جائے گا۔

مرکزی پنڈال کے اطراف میں میڈیکل کیمپ بھی لگائے گئے ہیں جہاں پر پیرامیڈیکل اسٹاف اور ماہر ڈاکٹروں کی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔

لاڑکانہ شہر کے داخلی راستوں پر پیپلز پارٹی کے استقبالیہ کیمپ لگائے گئے جہاں کارکن بینظیر بھٹو کی پرانی ریکارڈ شدہ تقاریر چلا رہے ہیں۔

متعلقہ تحاریر