اسپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی وفد کو ساڑھے گیارہ بجے بلا لیا
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ موجود حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ ہم سب لوگ ملکر ملک کے بقاء کے لیے کام کریں۔
پاکستان تحریک انصاف کا نمائندہ وفد قومی اسمبلی سے استعفوں کے معاملے پر آج صبح ساڑھے گیارہ بجے پارلیمنٹ ہاوس میں اسپیکر راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کرے گا۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے سابق چیف وہب ملک عامر ڈوگر کی ٹیلی فون کال انہیں گزشتہ روز موصول ہوئی جب وہ لاڑکانہ میں تھے۔
یہ بھی پڑھیے
پی ٹی آئی پارلیمانی کردار ادا کرنے کو تیار ہے لیکن حکومت سنجیدہ نہیں، شاہ محمود قریشی
حسین حقانی کی خدمات لےکر میرے خلاف پاکستان سے سازش کی گئی،عمران خان
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت کا نمائندہ وفد استعفوں کے حوالے سے ان سے ملاقات کرنا چاہتا ہے۔
گذشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ تحریک انصاف کے رہنما کو انہوں نے بتایا کہ وہ 28 دسمبر کو واپس آئیں گے تاہم 27 دسمبر کی شب فلائٹ ملنے پر وہ اسلام آباد پہنچ گے اور آج صبح 10 دس بجے پارلیمنٹ ہاوس میں اپنے دفتر میں موجود تھے۔
راجہ پرویز اشرف نے بتایا کہ "انہوں نے ملک عامر ڈوگر کو ٹیلیفون کرکے آگاہ کیا تھا کہ وہ صبح سے اپنے آفس میں پی ٹی آئی وفد کے منتظر ہیں، جس پر ملک عامر ڈوگر نے اسپیکر سے بدھ کے بجائے جمعرات کو ملاقات کے لیے وقت دینے کی استدعا کی تھی۔
راجہ پرویز اشرف نے بتایا تھا کہ انہوں نے پی ٹی آئی کے نمائندہ وفد کو کل جمعرات کو دن ساڑھے گیارہ بجے پارلیمنٹ ہاوس میں ملاقات کیلئے وقت دیا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ کہ آئین اور قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط میں استعفوں کی تصدیق کے لیے واضح طریق کار موجود ہے اور پی ٹی آئی اراکین کے استعفے کے معاملے پر آئین، قانون اور قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کو مقدم رکھ جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بطور اسپیکر میں چاہوں بھی تو آئین اور قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط سے ہٹ کر کسی کا استعفیٰ منظور نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ اسپیکر سب جماعتوں کا اسپیکر ہوتا ہے اور بطور کسٹوڈین آف دی ہاوس سب جماعتوں کے اراکین اُن کے نظر میں برابر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ بطور اسپیکر قومی اسمبلی کوئی بھی ایسا کام نہیں کریں گے جو آئین اور قانون کے منافی ہو۔
اسپیکر نے مزید کہا کہ کراچی سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے ایک رکن قومی اسمبلی نے عدالت میں بیان حلفی جمع کروایا کہ انہوں نے استعفیٰ نہیں دیا۔
میڈیا نمائندوں کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی اُن کے لیے قابل احترام ہیں اگر وہ اسمبلی آئیں گے تو وہ انہیں خوش آمدید کہیں گے۔
راجہ پرویز اشرف نے اس خواہش کا اظہار کہ پی ٹی آئی کے ممبران اسمبلی میں واپس آئیں اور اپنا آئینی کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان 22 کروڑ عوام کی دانشگاہ ہے اور ملکی مسائل اس پارلیمنٹ ہی کے ذریعے حل کیے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے ملک اور قوم کی بقاء کے لئے سیاست سے بالاتر ہو کر سوچنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہ جب معاملہ ملک کا ہو تو سیاست سے بالاتر ہو کر سوچنے کی ضرورت ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ موجود حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ ہم سب لوگ ملکر ملک کے بقاء کے لیے کام کریں۔









