نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان کے نام پر اتفاق ہوگیا
نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان کے نام پر پارلیمانی کمیٹی میں اتفاق ہوگیا، علی مردان ڈومکی نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان ہوں گے۔
بلوچستان کی 6 رکنی پارلیمانی کمیٹی میں نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان کے نام پر اتفاق ہوگیا، علی مردان ڈومکی نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان ہوں گے۔
نمائندہ سماء کے مطابق پارلیمانی کمیٹی نے نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان کیلئے علی مردان ڈومکی کی تقرری کی سمری بھجوادی، جس پر گورنر عبدالولی کاکڑ نے دستخط بھی کردیئے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان کئی ملاقاتوں میں بھی نگراں وزیراعلیٰ کے نام پر اتفاق نہیں ہوسکا تھا، جس کے بعد 6 رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔
پارلیمانی کمیٹی میں حکومت کی جانب سے عبدالقدوس بزنجو، بی اے پی کے سردار عبدالرحمان کھیتران اور اے این پی کے زمرک خان اچکزئی جبکہ جے یو آئی کے یونس زہری، عبدالواحد صدیقی اور محمد نواز کاکڑ اپوزیشن کی جانب سے شامل تھے۔
ان کا تعلق بلوچستان کے ضلع سبی کے علاقے لہڑی سے ہے۔
وہ 13 اکتوبر 1972ء کو پیدا ہوئے۔ انہوں نے علامہ اقبال یونیورسٹی اسلام آباد سے سوشیالوجی میں ماسٹرز کیا۔ علی مردان 2002ء سے 2005ء تک تحصیل ناظم لہڑی اور 2005ء سے 2010ء تک ضلع ناظم سبی رہے۔ علی مردان کے والد میر حضور بخش ڈومکی 1975 سے 1977 تک سینیٹر رہے ۔ علی مردان کے بھائی میر دوستین ڈومکی 2013ء میں رکن قومی اسمبلی بنے اس دوران وہ وزیر مملکت سائنس و ٹیکنالوجی بھی رہے۔